دہلی میں 8 ڈاکٹروں کے بعد 2 نرسنگ افسر بھی ’کورونا وائرس‘ کی زد میں

دہلی حکومت کے محکمہ صحت سے جڑے ایک سینئر افسر نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیم اب ان دونوں نرسنگ افسروں کے اہل خانہ اور ان کے رابطہ میں آئے دیگر لوگوں کی جانچ کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں الگ الگ اسپتالوں کے 8 ڈاکٹر کورونا وائرس ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد اب دو نرسنگ افسر بھی جانچ کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ملے ہیں۔ دونوں نرسنگ افسر دہلی حکومت کے ایک ادارہ میں کام کر رہے ہیں۔ دہلی حکومت کے محکمہ صحت سے جڑے ایک سینئر افسر نے کہا کہ "محکمہ صحت کی ٹیم اب ان دونوں افسروں کے اہل خانہ اور ان کے رابطے میں آئے دیگر لوگوں کی جانچ کر رہی ہے۔"

کورونا وائرس کی زد میں آئے دونوں نرسنگ افسر دہلی حکومت کے دہلی اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں کام کرتے ہیں۔ دو دن پہلے اسی اسپتال کے ایک ڈاکٹر کی جانچ کے دوران پایا گیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی زد میں ہے۔ دہلی اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والے ڈاکٹر کے کورونا وائرس پازیٹو پائے جانے کے بعد اسپتال کو بند کرنا پڑا تھا۔ اس دوران پورے اسپتال کو سینیٹائز بھی کیا گیا۔ پازیٹو پائی گئی ڈاکٹر کے رابطے میں اسپتال کے 19 لوگ آئے تھے۔ ان سبھی کا ٹیسٹ کرایا گیا۔ ٹیسٹ کے بعد ان میں سے دو نرسنگ افسر میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اب ان نرسنگ افسروں کے رابطے میں آئے لوگوں کی فہرست بنائی جا رہی ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔


اس سے قبل دہلی واقع ایمس کے فیزیولوجی ڈپارٹمنٹ میں ریزیڈنٹ ڈاکٹر اور ان کی 9 مہینے کی حاملہ ڈاکٹر بیوی بھی کورونا پازیٹو پائی گئی تھی۔ ڈاکٹر کی حاملہ بیوی خود بھی ایمس کی ایمرجنسی وارڈ میں تعینات ایک ڈاکٹر ہے۔ ایمس میں کام کرنے والی خاتون ڈاکٹر اور ان کے شوہر دونوں کو ہی اب آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ یہاں ماہر ڈاکٹروں کے ذریعہ ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 9 ماہ کی حاملہ ڈاکٹر کی ڈیلیوری ایمس اسپتال میں ہی ہوگی۔ ایمس کے ایک سینئر ڈاکٹر کو آگے کی جانچ اور کئی دیگر ٹیسٹ کے لیے ایک نجی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں صفدر جنگ اسپتال کے دو ریزیڈنٹ ڈاکٹر بھی کورونا وائرس کی زد میں پائے گئے تھے۔ دونوں ڈاکٹروں میں ایک مرد ڈاکٹر ہے جو کورونا یونٹ میں تعینات ہے اور ایک خاتون ڈاکٹر ہے جو پی جی کے تیسرے سال کی بایوکیمسٹری ڈپارٹمنٹ کی طالبہ ہے۔ افسروں کے مطابق اس نے بیرون ملک کا سفر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔