سولہ سالہ سوربھ نے نشانہ بازی میں طلائی تمغہ حاصل کر تاریخ رقم کی

ایشیائی گیمز میں سوربھ چودھری کی بہترین کارکردگی کے بعد پریتی زنٹا، راج وردھن سنگھ راٹھوڑ اور اشوک گہلوت جیسی شخصیتوں نے مبارکباد پیش کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18ویں ایشیائی گیمز میں منگل کے روز 16 سالہ نشانے باز سوربھ چودھری نے بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے گولڈ پر نشانہ لگایا۔ سوربھ نے ایشیائی گیمز میں قدم رکھتے ہی 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلہ میں طلائی تمغہ حاصل کر نہ صرف ہندوستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کر دیا ہے کہ وہ نشانہ بازی میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سوربھ کے ذریعہ حاصل کیا گیا طلائی تمغہ آج 18ویں ایشیائی گیمز کے تیسرے دن ہندوستان کی جھولی میں پہلا طلائی تمغہ ہے جب کہ مجموعی طور پر ہندوستان نے 3 طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔

سوربھ کے علاوہ آج نشانہ بازی میں ہی ایک دیگر نشانے باز ابھشیک ورما نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ جہاں سوربھ نے ایشیائی کھیلوں میں نشانہ بازی کے شعبہ میں ریکارڈ توڑتے ہوئے کل 240.7 پوائنٹ حاصل کیے وہیں ابھشیک نے فائنل میں 219.3 پوائنٹ کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔

سوربھ اور ابھشیک کی کامیابی کے بعد انھیں مبارکباد ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اداکارہ پریتی زنٹا، وزیر کھیل راج وردھن سنگھ راٹھوڑ، کانگریس لیڈر اشوک گہلوت وغیرہ نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اتر پردیش حکومت نے تو سوربھ چودھری کو 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

دوسری طرف نشانہ بازی کے ٹریپ مکسڈ ٹیم مقابلہ کے فائنل میں بھی ہندوستان نے جگہ بنا لی ہے۔ شریسی سنگھ اور لکشیہ کی ہندوستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگل کے روز ٹریپ مکسڈ مقابلے کے فائنل میں داخلہ لیا۔ شیریسی اور لکشیہ کی ٹیم نے کوالیفکیشن میں 142 پوائنٹ کے ساتھ پانچواں مقام حاصل کیا۔ فائنل کے لیے آخری فہرست میں تائیوان کی ٹیم 146 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، چین دوسرے اور لبنان کی ٹیم تیسرے مقام پر رہی۔

ہندوستان کی خاتون کبڈی ٹیم بھی ایشیائی گیمز میں بہترین کارکردگی پیش کر رہی ہے۔ 21 اگست کو ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو 12-38 سے شکست دینے کے بعد انڈونیشیائی ٹیم کو بھی 22-54 سے ہرا دیا ہے۔ ہندوستانی خاتون ٹینس کھلاڑی انکتا رینا بھی آج سنگلس ٹینس مقابلے کے کوارٹر فائنل میں داخلہ پا کر ہندوستانیوں کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ انکتا نے پری کوارٹر فائنل میں جاپان کی ہوزومی ایری کو شکست دی۔ احمد آباد کی 25 سالہ انکتا نے ہوزومی کو سیدھے سیٹوں میں 1-6، 2-6 سے شکست دیتے ہوئے آخری 8 میں جگہ بنائی۔ کوارٹر فائنل میں بدھ کے روز ان کا مقابلہ ہانگ کانگ کی یوڈس وونگ چونگ سے ہوگا۔

50 میٹر کے فری اسٹائل تیراکی مقابلہ میں بھی ہندوستان کی امیدیں روشن ہیں۔ وردھاول کھڑے نے مردوں کے اس مقابلہ میں فائنل میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ حالانکہ سا بقہ مقابلے میں ہندوستان کے ایک دیگر تیراک انشل کوٹھاری آگے نہیں نکل سکے اور انھیں 28واں مقام حاصل ہوا۔ لیکن وردھاول نے 22.43 سیکنڈ کا وقت لے کر ہیٹ-5 میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اس وجہ سے وہ آخری فہرست میں تیسرے مقام پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔