مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے 17 نئے معاملوں کی تصدیق، اب تک 4 اموات

وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے دوران خون کی کمی ہو رہی ہے لہذا شہری زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں کوویڈ 19 کے 17 نئے مثبت معاملات کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ریاست میں کل مریضوں کی تعداد 147 ہو گئی ہے جبکہ 19 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔ ملک کی ریاستوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں (4) مہاراشٹر میں ہی واقع ہوئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد بھی یہاں سب سے زیادہ ہیں۔

مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے اخباری نمائندوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ پونے اور کولہاپور سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ سانگلی سے تین، ناگپور سے چار اور گونڈیا سے ایک کیس منظر عام پر آیا ہے۔ وزیر صحت نے مزید بتایا کہ اب تک 19 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں اور انہیں ممبئی، پونے اور دیگر مقامات کے اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ جو مریض ابھی اسپتالوں داخل ہیں ان کا علاج بہترین طریقے سے چل رہا ہے، احتیاط برتی جائے تو اس مرض میں مبتلا مریض صحتیاب ہو جاتے ہیں۔ وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا مزید 4200 افراد ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو مریضوں کے علاج کے لئے خون کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہذا لوگوں کو آگے آکر خون کا عطیہ کرنا چاہئے لیکن سوشل ڈسٹینس کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے خون کا عطیہ کیا جائے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ملک گیر اور ریاستی لاک ڈاؤن کے دوران اب یہ توجہ اس بات پر دی جا رہی ہے کہ مقامی طور پر کورونا کے انفکیشن کو کسی طرح سے روکا جائے۔ کوویڈ 19 کے نئے مشتبہ مریضوں یا معاملات میں سے ہم معاشرتی رابطے والے افراد جیسے خاندانوں، پڑوسیوں، رشتہ داروں، دوستوں وغیرہ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ہلاکتوں کی تعداد ۵؍ہوگئی ہے جس میں دو خواتین بھی شامل ہیںیہ دونوں خواتین ۶۵؍سال کی تھیں جو 24 مارچ اور 26 مارچ کو انتقال کر گئیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ اس کے علاوہ، ایک کوویڈ 19 سے متاثرہ فلپائنی خاتون کی بھی موت ہوچکی ہے لیکن چونکہ ڈاکٹروں کے مطابق اس کے اسباب مختلف تھے، اس لئے اس کی موت کورونا وائرس سے ہوئی موت میں شمار نہیں کیا جا رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔