آئی پی ایل میچ نمبر 5: روہت کی طوفانی پاری کا کولکاتا کے پاس نہیں تھا جواب، ممبئی 49 رنوں سے فتحیاب

ممبئی کی جانب سے جسپریت بمراہ نے کافی خطرناک گیندبازی کی، حالانکہ ان کے آخری اوور میں پیٹ کمنس نے 27 رن بنا دیے۔ اس کے باوجود ممبئی کو شکست دینے میں کولکاتا کی ٹیم ناکام رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 کے پانچویں میچ میں آج ممبئی انڈینز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو 49 رنوں کے بڑے فرق سے ہرا دیا۔ کولکاتا کی طرف سے کوئی بھی بلے باز بڑی پاری نہیں کھیل سکا اور یہی وجہ ہے کہ جیت اس سے لگاتار دور ہوتی چلی گئی۔ ممبئی کی جانب سے جسپریت بمراہ نے کافی خطرناک گیندبازی کی، حالانکہ ان کے آخری اوور میں پیٹ کمنس نے 27 رن بنا دیے۔ اس کے باوجود ممبئی کو شکست دینے میں کولکاتا کی ٹیم ناکام رہی۔

کولکاتا کی شروعات ہی بہت اچھی نہیں رہی جب سلامی بلے باز شبھمن گل (7 رن) اور سنیل نارائن (9 رن) جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان دنیش کارتک (23 گیندوں پر 30 رن) اور نتیش رانا (18 گیندوں پر 24 رن) نے کچھ بہتر بلے بازی کی، لیکن گیارہویں اور بارہویں اوور میں دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کولکاتا کی مشکلیں بڑھ گئیں۔ ان کے بعد آندرے رسل (11 رن) اور ایان مورگن (16 رن) سے کولکاتا کو کافی امیدیں تھیں، لیکن مایوسی ہاتھ لگی۔ نائک بھی محض 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پیٹ کمنس نے آخر کے اووروں میں کچھ اچھے شاٹ کھیلے اور 4 چھکوں و 1 چوکے کی مدد سے 12 گیندوں میں 33 رن بنا دیے۔ کمنس پیٹنسن کی گیند پر ہارڈک پانڈیا کو کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد تو جیت ممبئی انڈینز کے لیے صرف ایک رسم رہ گئی۔ بیسویں اوور کی آخری گیند پر شیوم ماوی بھی 9 رن بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔


جہاں تک ممبئی انڈینز کی گیندبازی کا سوال ہے، ٹرینٹ بولٹ (4 اوور میں 30 رن)، جیمس پیٹنسن (4 اوور میں 25 رن)، جسپریت بمراہ (4 اوور میں 32 رن) اور آر چہر (4 اوور میں 26 رن) کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے۔ کیرن پولارڈ نے 3 اوور میں 21 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جب کہ کرونال پانڈیا نے اپنے ایک اوور میں 10 رن دے دیے۔

اس سے قبل، روہت شرما کی قیادت میں ممبئی کے بلے بازوں نے 20 اووروں میں کولکاتا کے سامنے 195 رن کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ اتنے بڑے رن کا تعاقب کرنا کولکاتا کے لیے آسان نہیں تھا کیونکہ باؤنڈری کافی بڑی تھی۔ حالانکہ ممبئی انڈینز کی شروعات خراب رہی تھی جب شیوم ماوی کی گیند پر سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کوک (1 رن) جلدی آؤٹ ہو گئے۔ لیکن ان کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے آئے سوریہ کمار یادو نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سوریہ کمار یادو کی بدقسمتی یہ رہی کہ وہ اپنی نصف سنچری سے محض 3 رن پیچھے تھے جب رَن آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 28 گیندوں میں 47 رن بنائے اور 6 چوکے و ایک چھکّا لگایا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے سوربھ تیواری نے بھی کچھ اچھے ہاتھ دکھائے لیکن 13 گیندوں پر 21 رن بنا کر سنیل نارائن کا شکار ہو گئے۔


دوسری طرف روہت شرما اپنی تیز بلے بازی جاری رکھے ہوئے تھے اور 18ویں اوور میں جب وہ آؤٹ ہوئے تو 54 گیندوں پر 80 رن بنا چکے تھے۔ انھوں نے 6 چھکّے اور 3 چوکے لگائے۔ جلدہی اچھی بلے بازی کرتے نظر آ رہے ہارڈک پانڈیا ہِٹ وکٹ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 13 گیندوں پر 18 رن بنائے۔ اس کے بعد ممبئی کے بلے بازی کچھ خاص تیزی سے رن نہیں بنا سکے جس کی وجہ سے ٹیم 200 رن کے پیچھے رہ گئی۔ کیرن پولارڈ نے 7 گیندوں پر 13 رن بنائے اور کرونال پانڈیا 3 گیندوں پر محض ایک رن بنا سکے۔

جہاں تک کولکاتا کی گیندبازی کا سوال ہے، سنیل نارائن اور شیوم ماوی نے بہت کفایتی گیندبازی کی۔ سنیل نارائن نے 4 اوور میں 22 رن دے کر ایک وکٹ لیا جب کہ شیوم ماوی نے 4 اوور میں 32 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیا۔ کلدیپ یادو کافی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 39 رن خرچ کر کوئی وکٹ نہیں لیا۔ سندیپ واریر اور کمنس نے بھی 3-3 اوور میں بالترتیب 34 اور 49 رن پھینک ڈالے اور انھوں نے کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کیے۔ اینڈرے رسل نے 2 اوور میں 17 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔