آئی پی ایل میچ نمبر 10: ممبئی اور بنگلور کے درمیان ہوا دل تھام لینے والا مقابلہ، سپر اوور میں بنگلور فتحیاب

سپر اوور میں ممبئی انڈینز نے 8 رنوں کا ہدف رائل چیلنجرس بنگلور کو دیا تھا اور آخری گیند پر وراٹ کوہلی نے چوکا لگا کر میچ اپنی ٹیم کے نام کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا اور یہ اس وقت غلط ثابت ہونے لگا تھا جب رائل چیلنجرس بنگلورو کے دونوں سلامی بلے بازوں نے نصف سنچری بنا ڈالی۔ پھر آخر میں اے بی ڈیویلیرس اور شیوم دوبے کی طوفانی بلے بازی نے ممبئی انڈینز کے گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔ تین نصف سنچریوں کی بدولت ہی بنگلور کی ٹیم 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 201 رن کا پہاڑ کھڑا کر سکی، لیکن پھر ممبئی کی طرف سے ایشان کشن کے 99 رن اور کیرن پولارڈ کے ناٹ آؤٹ 24 گیندوں پر 60 رن نے میچ میں جو دلچسپی پیدا کی وہ حیرت انگیز تھی۔ ایک بار آسانی سے شکست کھاتی ہوئی نظر آ رہی ممبئی نے 201 رن بنا کر میچ کو ٹائی کیا اور پھر سپر اوور کی طرف قدم بڑھا دیا۔ حالانکہ سپر اوور میں بالآخر انھیں شکست ہی ہاتھ لگی۔ سپر اوور میں ممبئی نے 8 رنوں کا ہدف بنگلور کو دیا تھا اور جسپریت بمراہ کی آخری گیند پر جب جیت کے لیے ایک رن بنانا تھا تو وراٹ کوہلی نے چوکا لگا کر میچ اپنی ٹیم کے نام کر دیا۔

آج بنگلور کے بلے باز کافی اچھے فارم میں نظر آئے۔ شروع میں سلامی بلے باز ایرون فنچ کچھ مشکل میں ضرور نظر آئے لیکن پھر جب انھوں نے تیزی کے ساتھ بلے بازی کرنا شروع کیا تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انھوں نے 35 گیندوں میں 54 رن کی اننگ کھیلی جس میں 1 چھکّا اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی (11 گیندوں پر 3 رن) جلدی آؤٹ ہو گئے، لیکن بعد کے بلے بازوں نے رنوں کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔


بنگلور کا تیسرا وکٹ سلامی بلے باز دیودت پڈیکل کی شکل میں 18ویں اوور کی پہلی گیند پر گرا اور تب تک وہ 40 گیندوں پر 54 رن بنا چکے تھے۔ انھوں نے 2 چھکّے اور 5 چوکے لگائے۔ پھر اے بی ڈیویلیرس نے بھی اپنی نصف سنچری محض 23 گیندوں میں مکمل کر لی۔ انھوں نے آخر تک بلے بازی کی اور 24 گیندوں پر 4 چھکّے و 4 چوکے کی مدد سے کل 55 رن بنائے۔ شیوم دوبے نے بھی 10 گیندوں میں تیز طرار 27 رنوں (3 چھکّے، 1 چوکا) کی اننگ کھیلی۔

ممبئی کی طرف سے گیندبازی میں ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب رہے جنھوں نے 4 اوور میں 34 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ راہل چہر کو ملا جنھوں نے 4 اوور میں 31 رن دیے۔جیمس پیٹنسن 4 اوور میں 51 رن کے ساتھ سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور جسپریت بمراہ نے بھی 4 اوور میں 42 رن خرچ کر دیے۔ علاوہ ازیں کرونا پانڈیا نے 3 اوور میں 23 رن دیے جب کہ ایک اوور میں 13 رن کیرن پولارڈ نے دیے۔


جب ممبئی کی بلے بازی شروع ہوئی تو ان کے سامنے جیت کے لیے 10 رن فی اوور سے بھی زیادہ کا رَن ریٹ ملا تھا۔ میدان کافی بڑا تھا اس لیے اس رفتار سے رن بنانا آسان نہیں تھا۔ لیکن ممبئی انڈینز کی بلے بازی لائن اَپ کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ مقابلہ سخت دیکھنے کو ملے گا، اور آخر میں ایسا ہوا بھی۔ حالانکہ شروع میں ممبئی کے لیے چیزیں بہت خراب رہیں جب دوسرے اوور میں ہی کپتان روہت شرما محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر تیسرے اوور میں سوریہ کمار یادو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کوئنٹن ڈیکوک (15 گیند میں 14 رن) بھی ساتویں اوور میں اس وقت چہل کا شکار ہوئے جب ٹیم کا اسکور محض 39 رن تھا۔

ایک طرف ایشان کشن اچھی بلے بازی کر رہے تھے لیکن دوسری طرف وکٹیں لگاتار گر رہی تھیں جس کی وجہ سے رَن ریٹ کافی نیچے چلا گیا۔ ہارڈک پانڈیا سے اچھی بلے بازی کی امید تھی لیکن رن کی رفتار تیز کرنے کی کوشش میں وہ بھی محض 15 رن بنا کر ہی باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کیرن پولارڈ ایشان کشن کے ساتھ مل کر جو بلے بازی کی اس سے بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی کی نیندیں اڑ گئیں۔ آخر کے 4 اووروں میں جو طوفانی بلے بازی پولارڈ اور ایشان نے کی اس کی بدولت 20 اوور میں ممبئی نے بھی 201 رن بنا دیے جس کی وجہ سے اسکور ٹائی ہو گیا اور میچ سپر اوور میں چلا گیا۔ ایشان بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے لیکن اس سے پہلے انھوں نے 58 گیندوں پر 9 چھکّوں اور 2 چوکوں کی مدد سے شاندار 99 رن بنا لیے تھے۔ پولارڈ نے 24 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 60 رن بنائے۔


بنگلور کی طرف واشنگٹن سندر نے لاجواب گیندبازی کی جنھوں نے 4 اوور میں محض 12 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسورو اُڈانا کو 2 وکٹ ملے لیکن انھوں نے 4 اوور میں 45 رن خرچ کر دیے۔ یجویندر چہل بھی آخر میں کافی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 48 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا، اور 4 اوور میں 53 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے والے زیمپا نے تو 13 سے بھی زیادہ فی اوور رن لٹائے۔ نودیپ سینی نے بھی 4 اوور میں 43 رن خرچ کیے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نودیپ سینی نے بنگلور کی طرف سے سپر اوور میں گیندبازی کی اور انھوں نے ممبئی کے بلے بازوں کو 7 رن پر روک دیا۔ ممبئی کی طرف سے بلے بازی کرنے کے لیے پولارڈ اور ہارڈک پانڈیا اترے تھے۔ شروع کے دو گیندوں پر سینی نے 1-1 رن دیے اور تیسری گیند پر کوئی رن نہیں دیا۔ چوتھی گیند پر پولارڈ نے چوکا مارا اور پھر پانچویں گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آخری گیند پر سینی نے بائی میں ایک رن دیا۔ اس طرح سے بنگلور کو جیت کے لیے سپر اوور میں 8 رن درکار تھے۔


ممبئی کی طرف جسپریت بمراہ کو گیندبازی دی گئی تھی اور بنگلور کی جانب سے بلے بازی کے لیے وراٹ کوہلی اور اے بی ڈیویلیرس اترے تھے۔ بمراہ نے بھی کافی سمجھداری سے گیندبازی کی اور پہلی دو گیندوں پر 1-1 رن دینے کے بعد تیسری گیند پر کوئی رن نہیں دیا۔ چوتھی گیند پر ڈیویلیرس نے چوکا مارا اور پانچویں گیند پر محض ایک رن بن سکا۔ آخری گیند پر جیت کے لیے بنگلور کو ایک رن چاہیے تھا اور سامنے کپتان وراٹ کوہلی تھے۔ انھوں نے آخری گیند پر چوکا مار کر اپنی ٹیم کو جیت دلا دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔