آئی پی ایل 2020: راشد خان نے ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ اپنے مرحوم والدین کے نام کیا منسوب

دہلی کی جیت کی راہ میں راشد خان حائل ہو گئے اور انہوں نے اپنے چار اوورز میں محض 14 رن خرچ کر کے تین وکٹ جھٹک لئے۔ انہوں نے شکھر دھون، کپتان شیریس ایئر اور رشبھ پنت کو اپنا شکار بنایا

سن رائزرس حیدرآباد کے گیند باز راشد خان
سن رائزرس حیدرآباد کے گیند باز راشد خان
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے منگل کی شب سن رائزرس حیدرآباد کے افغان نژاد بلے باز راشد خان نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف اس وقت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب ان کی ٹیم کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ اس مقابلہ سے قبل ایس آر ایچ کو گزشتہ دونوں میچوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دہلی کیپیٹلز کے خلاف یہ میچ جیتنا اس کے لئے انتہائی اہم تھا۔

اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کی ٹیم 20 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 162 رن ہی بنا پائی۔ دہلی کی ٹیم اس وقت شاندار کارکاردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لہذا ہر کسی کو یہ امید تھی کہ پرتھوی شا، شکھر دھون، شیئرس ایئر، رشبھ پنت، مارکس اسٹوئنس اور شمران ہیٹمیئر جیسے بلے بازوں والی دہلی کیپیٹلز کی ٹیم 163 کا ہدف باآسانی حاصل کر لے گی۔


ایسے وقت میں دہلی کی جیت کی راہ میں راشد خان حائل ہو گئے اور انہوں نے اپنے چار اوورز میں محض 14 رن خرچ کر کے تین وکٹ جھٹک لئے۔ انہوں نے شکھر دھون، کپتان شیریس ایئر اور رشبھ پنت کو اپنا شکار بنایا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرتے وقت راشد خان نے کہا کہ وہ اپنے اس ایوارڈ کو اپنے مرحوم والدین کے نام سے منسوب کرتے ہیں۔

راشد خان نے جذباتی انداز نے کہا، ’’گزشتہ ڈیڑھ سال میرے لئے مشکلات سے پُر رہے۔ پہلے میں نے اپنے والد کو کھویا او تقریباً تین چار مہینے پہلے اپنی ماں کو بھی کھو دیا۔ میری ماں میری سب سے بڑی فین تھیں اور یہ ایوارڈ انہیں کو جاتا ہے۔ میں جب بھی کوئی ایوارڈ حاصل کرتا تو وہ پوری رات مجھ سے باتیں کرتی تھیں۔‘‘


میچ کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے راشد خان نے کہا، ’’میں خود پر بہتر کارکردگی کے لئے دباؤ کو حاوی نہیں ہونے دیتا۔ خود کو پُرسکون رکھتا ہوں اور میری توجہ صرف بنیادی چیزوں پر ہوتی ہے۔ میں کھیل کا مزہ لیتا ہوں۔ میں نے آج گیندوں کو بہت تیز رکھا۔ جب میں نے پہلی گیند ڈالی تبھی اس بات کا احساس ہو گیا تھا۔

راشد خان کی قیادت میں اپنے بالرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے دہلی کیپیٹل کو 15 رنز سے شکست دے کر سیزن کی پہلی جیت اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل، دونوں میچ ہارنے والی سن رائزرس نے 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 162 رنز بنائے تھے، جواب میں دہلی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 147 رن ہی بنا سکی۔ راشد سن رائزرس کی فتح کے ہیرو رہے جنہوں نے چار اووروں میں 3.50 کی اوسط سے صرف 14 رن پر تین وکٹ لئے۔ بھونیشور کمار نے چار اووروں میں 25 رن پر دو وکٹ لئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */