آئی پی ایل 2020: حیدرآباد کے خلاف پنجاب کو کرنی ہوگی واپسی

پنجاب اور حیدرآباد دونوں کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ممبئی انڈینز نے حیدرآباد کو 34 رنز سے شکست دی تھی جبکہ چنئی سپر کنگز نے پنجاب کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

تصویر بشکریہ .iplt20.com
تصویر بشکریہ .iplt20.com
user

یو این آئی

دبئی: آئی پی ایل کی پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نچلے مقام کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کے لئے جمعرات کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں یقینی جیت درج کرنی ہو گی۔ پنجاب کی ٹیم پانچ میچوں میں صرف ایک جیت اور چار شکستوں کے ساتھ ٹیبل میں آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے۔ ایک اور شکست سے پلے آف میں جانے کی پنجاب کی امیدوں کو دھچکا لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد پانچ میچوں میں دو جیت اور تین شکست کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ حیدرآباد کی صورتحال بھی زیادہ اچھی نہیں ہے اور اس کے لئے بھی یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔

پنجاب اور حیدرآباد دونوں کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ممبئی انڈینز نے حیدرآباد کو 34 رنز سے شکست دی تھی جبکہ چنئی سپر کنگز نے پنجاب کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ پنجاب نے کپتان لوکیش راہل کی 63 رنز کی شاندار نصف سنچری کی بدولت چار وکٹ پر 178 رنز کا مشکل اسکور بنایا تھا لیکن چنئی نے شین واٹسن (ناٹ آؤٹ 83) اور فاف ڈو پلیسیس (ناٹ آؤٹ87 ) شاندار نصف سنچری اور ان کے درمیان 181 رنز کی افتتاحی شراکت کی بدولت یکطرفہ طور پر 10 وکٹوں سے فاتحانہ رفتار حاصل کی تھی۔


اگر پنجاب کو جیت کی پٹری پر واپس آنا ہے تو اسے اپنی بولنگ اور بیٹنگ دونوں کو بہتر بنانا ہوگا۔ ٹیم کے پاس کرس گیل کی شکل میں اس فارمیٹ کا سب سے زیادہ تباہ کن بیٹسمین ہے۔ لیکن ٹیم نے اب تک گیل کو پانچ میچوں میں موقع نہیں دیا ہے۔ گیل جیسے بیٹسمین کو بنچ پر بٹھائے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ جب ٹیم کی بیٹنگ ٹھیک نہیں چل رہی ہے تب ٹیم کو گیل کو کم سے کم ایک موقع فراہم کرنا چاہیے۔

پنجاب کے کپتان لوکیش راہل نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم منصوبوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔ لوکیش نے کہا کہ مسلسل کئی میچ ہارنا بہت افسوسناک ہے۔ ہمیں بہتر طور پر واپسی کرنے کے لئے مستقل کوشش کرنا ہوگی۔ ہم کہاں غلطی کر رہے ہیں اس کے لئے کوشش کرنی ہوگی یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ ہم اپنے منصوبوں کو بہتر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کے اہل نہیں رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ جب آپ فی اوور سات آٹھ رنز دیتے ہیں تو پھر آپ میچ میں کسی جارح وکٹ کے لئے جاسکتے ہیں لیکن ہم شروع میں ہی فی اوور 10 رن دے رہے تھے لہذا جارحانہ ہونا مشکل ہے۔ ہمارے تمام کھلاڑی بہت پیشہ ور ہیں اور امید ہے کہ ہم جلد ہی واپسی کریں گے۔

حیدرآباد کے خلاف ممبئی نے اتوار کے روز پچھلے میچ میں 208 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا لیکن حیدرآباد کی ٹیم سات وکٹوں پر 174 رنز بنا سکی۔ تیز گیند باز بھونیشور کمار کی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد حیدرآباد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد نے آندھرا پردیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر پرتھوی راج یارا کو بھونیشور کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔


حیدرآباد کے لئے آخری میچ میں کپتان ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ اسکور 60، جانی بیئرسٹو نے 25 اور منیش پانڈے نے 30 رن بنائے جبکہ کین ولیمسن تین اور پریم گرگ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ابھیشیک شرما 10 اور عبد الصمد 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت 10 ویں اوور میں حیدرآباد کی ٹیم ایک وکٹ پر 94 رنز بنا کر اچھی پوزیشن میں تھی لیکن اس کے بعد ان کی اننگز ڈہ گئی۔ حیدرآباد کو فتح کی امید کے لئے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */