آئی پی ایل میچ نمبر 42: چکرورتی کے 'چکر' میں پھنس گئی دہلی، کولکاتا 59 رن سے فتحیاب

کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے 6 وکٹ کے نقصان پر 194 رن کا اسکور بنایا تھا جس کے جواب میں دہلی کیپٹلز 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 135 رن بنا سکی۔ ورون چکرورتی نے 5 وکٹ اپنے نام کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل سیزن 13 کے ایک انتہائی اہم مقابلے میں آج کولکاتا نائٹ رائیدرس نے دہلی کیپٹلز کو 59 رن سے شکست دے کر پلے آف کی اپنی امیدیں مضبوط کر لی ہیں۔ آج دہلی کے کپتان شریئس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن شروعاتی تین جھٹکوں کے بعد کولکاتا کے بلے باز نتیش رانا اور سنیل نرائن نے سنچری شراکت داری کرتے ہوئے دہلی کے گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔ کولکاتا نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 194 رن بنائے، جس کے جواب میں دہلی 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 135 رن بنانے میں کامیاب ہو پائی۔

دہلی کے گیندبازوں نے شروعات اچھی دی تھی جب سلامی بلے باز شبمن گل محض 9 رن بنا کر نارخیا کا شکار بن گئے اور نارخیا نے ہی راہل ترپاٹھی کو 13 رن کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ دنیش کارتک ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور رباڈا نے انھیں 3 رن کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس وقت کولکاتا کا اسکور 7.2 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 42 رن تھا۔ یہاں سے سلامی بلے باز نتیش رانا اور سنیل نرائن نے کولکاتا کو بھنور سے نکالنے کے ساتھ ساتھ تیز رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔


سنیل نرائن نے دہلی کے گیندبازوں کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے اسٹوئنس، اشون اور دیشپانڈے کی خوب دھنائی کی۔ سنیل نرائن جب 16.4 اوور میں آؤٹ ہوئے تو اس وقت کولکاتا بہت مضبوط حالت میں تھی اور ٹیم کا اسکور 157 رن پہنچ چکا تھا۔ سنیل نرائن نے 32 گیندوں میں 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار 64 رن بنائے۔ نتیش رانا نے بھی آخر کے اوورس میں طوفانی انداز اختیار کر لیا تھا اور جب وہ 19.5 اوور میں آؤٹ ہوئے تو 53 گیندوں پر 1 چھکا و 13 چوکوں کی مدد سے 81 رن بنا چکے تھے۔ کپتان ایان مورگن نے بھی آخر میں 9 گیندوں پر تیز طرار 17 رن بنائے۔

دہلی کی طرف سے نارخیا، رباڈا اور اسٹوئنس کو 2-2 وکٹ ملے، لیکن متاثر صرف نارخیا اور رباڈا نے کیا جنھوں نے 4-4 اوور میں بالترتیب 27 اور 33 رن دیے۔ اسٹوئنس نے 4 اوور میں 41 رن خرچ کر دیے۔ تشار دیش پانڈے نے 4 اوور میں 40 رن، روی چندر اشون نے 3 اوور میں 45 رن، اور اکشر پٹیل نے 1 اوور میں 7 رن دیے۔ ان تینوں میں سے کسی کو ایک بھی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔


دہلی کی بلے بازی بھی شروعاتی جھٹکوں سے پریشان نظر آئی۔ لیکن کولکاتا کے بلے باز رانا اور نرائن نے جو شراکت داری کی تھی، ویسی کوئی شراکت داری دہلی کے بلے بازوں نے نہیں کی جس کی وجہ سے ان کی میچ پر گرفت لگاتار ڈھیلی پڑتی گئی۔ سلامی بلے باز اجنکیا رہانے (صفر) اور شکھر دھون (6 رن) جب پویلین لوٹے تو ٹیم کا اسکور محض 13 رن تھا۔ اس کے بعد کپتان شریئس ایر اور رشبھ پنت نے پاری کو سنبھالنے کی کوشش کی، اور حالات کچھ بہتر ہوتے ہوئے نظر آ رہے تھے تبھی 27 (33 گیندوں پر) کے انفرادی اسکور پر ورون چکرورتی کا شکار بن گئے۔ یہاں سے چکرورتی کی اسپن کا جادو چلا تو دہلی کی ٹیم پوری طرح سے بکھرتی ہوئی نظر آئی۔ چکرورتی نے جلد ہی سمرن ہٹمایر کو 10 رن (5 گیندوں پر) اور کپتان ایر کو 47 رن (38 گیندوں پر) کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 13.3 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 95 رن تھا۔ گویا کہ 6.3 اوور میں جیت کے لیے 100 رن کی ضرورت تھی جو کہ بہت مشکل ہدف تھا۔

آخر کے بلے بازوں مرکس اسٹوئنس اور اکشر پٹیل سے امید تھی کہ وہ کچھ رن ضرور بٹوریں گے تاکہ مقابلہ دلچسپ ہو، لیکن ایسا کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔ اسٹوئنس کو 6 رن اور اکشر کو 9 رن کے انفرادی اسکور پر ورون چکرورتی نے ہی آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کگیسو رباڈا کو پیٹ کمنس نے 9 رن کے انفرادی اسکور پر اور تشار دیش پانڈے کو فرگوسن نے 1 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیجا۔ روی چندرن اشون 13 گیندوں پر 14 رن بنا کر اور نارخیا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔


کولکاتا کی طرف سے گیندبازی میں ورون چکرورتی کا بول بالا نظر آیا جنھوں نے 4 اوور میں محض 20 رن دے کر 5 وکٹ اپنے نام کیے۔ پیٹ کمنس نے بھی دہلی کے بلے بازوں کی کمر توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور انھوں نے 4 اور میں صرف 17 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 1 وکٹ فرگوسن کو ملا جنھوں نے 4 اوور میں 30 رن دیے۔ علاوہ ازیں سنیل نرائن نے 4 اوور میں 37 رن اور پرسدھ کرشنا نے 2 اوور میں 19 رن دیے، ان دونوں کو کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔