آئی پی ایل میچ نمبر 40: حیدرآباد کی راجستھان پر 8 وکٹ سے فتح، 'پلے آف' کی امیدیں برقرار

راجستھان نے حیدرآباد کو جیت کے لیے 155 رنوں کا ہدف دیا تھا اور حیدر آباد کے دونوں سلامی بلے باز 16 رن پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں منیش پانڈے اور وجے شنکر نے ناٹ آؤٹ شراکت داری سے میچ پر قبضہ کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل سیزن 13 کے 40ویں میچ میں آج مقابلہ راجستھان رائلز اور سنرائزرس حیدر آباد کے درمیان کھیلا گیا جس میں حیدر آباد نے رواں ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے جیت حاصل کی۔ جیت کے ہیرو رہے منیش پانڈے اور وجے شنکر جنھوں نے بالترتیب 83 اور 52 رن بنائے، وہ بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے۔ راجستھان نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رن بنائے تھے اور 155 رنوں کا ہدف حیدر آباد منیش-وجے کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی وجہ سے 18.1 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی حیدر آباد ٹیم نے پہلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدیں بھی برقرار رکھی ہیں کیونکہ وہ پوائنٹس ٹیبل میں 8 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔

سنرائزرس حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ راجستھان کے سلامی بلے بازوں نے ان کے اس فیصلے کو غلط ٹھہراتے ہوئے اچھی شروعات کی تھی، لیکن شراکت داری کو کچھ زیادہ بڑا کرتے، اس سے پہلے ہی رابن اتھپّا 13 گیندوں پر 19 رن بنا کر رَن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سنجو سیمسن نے بین اسٹوکس کا اچھا ساتھ دیا اور تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ تھمنے نہیں دیا۔ پھر جیسن ہولڈر کی گیند پر ایک خراب شاٹ کھیل کر سیمسن آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 26 گیندوں میں ایک چھکا اور 3 چوکے کی مدد سے 36 رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں اسٹوکس بھی 32 گیندوں پر 30 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس مقام پر رنوں کی رفتار تھوڑی ٹھہر گئی۔


جوس بٹلر اور کپتان اسٹیوین اسمتھ سے امیدیں تھیں کہ دونوں رن کی رفتار بڑھائیں گے لیکن بٹلر کچھ خاص نہیں کر سکے اور 12 گیندوں پر محض 9 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسمتھ نے دو چوکے لگا کر اچھے ہاتھ دکھائے لیکن 15 گیندوں پر 19 رن ہی بنا سکے۔ کپتان اسمتھ جب آؤٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا اسکور 18.1 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 134 رن تھا۔ اگلی ہی گیند پر ریان پراگ بھی آؤٹ ہو گئے جنھوں نے 12 گیندوں پر شاندار 20 رن کی اننگ کھیلی۔ انھوں نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے۔ آخر میں جوفرا آرچر نے 7 گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا کے ساتھ ناٹ آؤٹ 16 رن بنا کر اسکور بورڈ پر کچھ رن جٹائے۔ راہل تیواتیا 3 گیندوں پر 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مقررہ 20 اوور میں راجستھان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 154 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔

حیدرآباد کے لیے پہلا میچ کھیل رہے جیسن ہولڈر سب سے کامیاب گیندباز ثابت ہوئے جنھوں نے 3 وکٹ جھٹکے، لیکن انھوں نے 4 اوور میں 33 رن دیے۔ اپنی گیندبازی سے متاثر کرنے والے نٹراجن بھی آج مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 46 رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کیا۔ کفایتی گیندبازی راشد خان اور وجے شنکر نے کی جنھوں نے بالترتیب 4 اوور میں 20 رن اور 3 اوور میں 15 رن دے کر 1-1 وکٹ لیا۔ سندیپ شرما نے 4 اوور میں 31 رن اور شہباز ندیم نے 1 اوور میں 9 رن دیے، دونوں کو ہی کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔


پلے آف میں پہنچنے کے لیے اپنی امیدیں برقرار رکھنے کے مقصد سے میدان پر اترے حیدر آباد کے سلامی بلے بازوں نے کافی مایوس کیا کیونکہ کپتان وارنر محض 4 رن بنا کر اور بیرسٹو محض 10 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ راجستھان کے تیز گیندباز جوفرا آرچر کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر حیدر آباد کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔ لیکن منیش پانڈے اور وجے شنکر نے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ ایک طرف منیش پانڈے نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کارتک تیاگی کے اوور میں خوب رن بٹورے، اور دوسری طرف وجے شنکر سنبھل کر کھیلتے ہوئے اسٹرائک بدلتے رہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں نے قابل تعریف کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخر تک بلے بازی کی اور مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب وجے شنکر کی آنکھیں بھی گیند پر جم گئیں تو انھوں نے تیزی کے ساتھ رن بنانا شروع کیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ حیدرآباد نے میچ 18.1 اوور میں ہی جیت لیا۔ ایک طرف منیش پانڈے نے 47 گیندوں پر 8 شاندار چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 83 رن کی اننگ کھیلی، تو دوسری طرف وجے شنکر نے 51 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 52 رن بنائے۔ ٹیم کو جب جیت کے لیے 3 رنوں کی ضرورت تھی تو وجے شنکر نے چوکا لگا کر جیت حیدر آباد کی جھولی میں بھی ڈالی اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔


راجستھان کے لیے گیندبازی میں جوفرا آرچر اور راہل تیواتیا کے علاوہ کوئی بھی گیندباز بہتر نہیں کر سکا۔ جوفرا نے 4 اوور میں 21 رن دے کر 2 وکٹ لیے اور تیواتیا کو کوئی وکٹ تو نہیں ملا لیکن انھوں نے 4 اوور میں محض 25 رن دیے۔ کارتک تیاگی نے 3.1 اوور میں 42 رن، بین اسٹوکس نے 2 اوور میں 24 رن، شریئس گوپال نے 4 اوور میں 32 رن، اور انکت راجپوت نے 1 اوور میں 11 رن خرچ کیے اور ان میں سے کسی کو بھی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔