آئی پی ایل میچ نمبر 12: شاہ رخ کی ٹیم کے سامنے بکھر گئی راجستھان، کولکاتا 37 رنوں سے فتحیاب

کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 174 رن بنائے تھے، لیکن راجستھان رائلز 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 137 رن بنا سکی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل سیزن 13 کے بارہویں مقابلے میں آج شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا جو پوری طرح سے غلط ثابت ہوا۔ کولکاتا نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 174 رن کا اسکور بنایا تھا لیکن اس کے جواب میں جب راجستھان کی ٹیم بلے بازی کرنے اتری تو پوری طرح سے بکھری ہوئی نظر آئی اور یکے بعد دیگرے وکٹ گرتے رہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم کا رَن ریٹ بھی نہیں بڑھ سکا اور 20 اوور میں محض 137 رن ہی بن سکے۔ راجستھان کی اننگ میں صرف ٹان کرن (36 گیند پر 54 رن) ایسے بلے باز رہے جنھوں نے جم کر کھیلا اور تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔

راجستھان کی شروعات ہی خراب رہی جب دوسرے ہی اوور میں کپتان اسمتھ انتہائی خراب شاٹ کھیل کر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے محض 3 رن بنائے۔ اس کے بعدآئی پی ایل سیزن 13 میں اپنی بلے بازی سے سبھی کی تعریف بٹورنے والے سنجو سیمسن بھی 9 گیندوں پر محض 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ گرنے کا سلسلہ یہیں پر نہیں رکا بلکہ اچھی بلے بازی کر رہے سلامی بلے باز جوس بٹلر (16 گیندوں پر 21 رن) ساتویں اوور میں آؤٹ ہوئے، اس کے اگلے اوور میں ناگرکوٹی کی گیند پر رابن اتھپا (2 رن) بھی چلتے بنے اور اسی اوور میں ریان پراگ (1 رن) نے بھی ناگرکوٹی کو وکٹ تھما دیا۔ اس طرح سے محض 42 رن پر نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔


پچھلے میچ میں راجستھان کی جیت کے ہیرو راہل تیواتیا سے بہت امیدیں تھیں اور انھوں نے ایک بہترین چھکّا بھی لگایا، لیکن ورون چکرورتی نے ایک بہترین گیند پر انھیں بولڈ کر دیا۔ تیواتیا نے 10 گیندوں پر 14 رن کا تعاون دیا۔ پھر جلدی جلدی شریئس گوپال (5 رن)، جوفرا آرچر (6 رن) بھی آؤٹ ہو گئے۔ یہاں قابل غور یہ ہے کہ ایک طرف وکٹ گرتے رہے اور دوسری طرف ٹام کرن اچھی بلے بازی کر رہے تھے۔ ان کا کچھ حد تک ساتھ جے دیو انادکٹ نے دیا جو 13 گیندوں پر 9 رن بنا کر 18ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، لیکن اس وقت تک میچ ہاتھوں سے نکل چکا تھا۔ 18 اوور کے بعد راجستھان کا اسکور 106 رن پر 9 وکٹ تھا۔ آخر کے دو اوور میں ٹام کرن نے تیز بلے بازی کی اور 3 چھکّوں و 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 54 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری طرف انکت راجپوت 5 گیندوں پر 7 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کولکاتا کی طرف سے سنیل نرائن کو چھوڑ دیا جائے تو بقیہ گیندبازوں نے کفایتی گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ سنیل نرائن نے 4 اوور میں 40 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا، پیٹ کمنس نے 3 اوور میں 13 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا اور کلدیپ یادو نے 3 اوور میں 20 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ شیوم ماوی نے 4 اوور میں محض 20 رن دے کر 2 وکٹ، ورون چکرورتی نے 4 اوور میں 25 رن دے کر 2 وکٹ اور کملیش ناگرکوٹی نے 2 اوور میں 13 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے۔


کولکاتا کی بلے بازی کی بات کی جائے تو خاص بات یہ رہی کہ صرف کپتان دنیش کارتک (3 گیندوں پر ایک رن) کو چھوڑ دیا جائے تو سبھی بلے بازوں نے 100 سے زائد کے اسٹرائک سے رن بنائے۔ حالانکہ بڑا اسکور شبمن گل (47 رن) اور ایان مورگن (34 رن) ہی بنانے میں کامیاب ہوئے، بقیہ نے چھوٹی چھوٹی اننگ کا تعاون کرتے ہوئے 20 اوور میں اپنی ٹیم کا اسکور 174 رن تک پہنچا دیا۔ شبمن گل بطور سلامی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جوفرا آرچر کی ایک بہترین گیند کو لیگ سائیڈ میں کھیلنے کی کوشش کی جو کہ اونچی اٹھ گئی اور جوفرا نے ہی کیچ پکڑ لیا۔ انھوں نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 47 رن بنائے اور اس میں 1 چھکا، 5چوکے شامل تھے۔

دوسرے سلامی بلے باز سنیل نرائن جب اچھی بلے بازی کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے تبھی 14 گیندوں پر 15 رن بنا کر جے دیو انادکٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد نتیش رانا نے بھی کچھ اچھے ہاتھ دکھائے لیکن 17 گیندوں پر 22 رن بنا کر تیوتیا کا شکار ہو گئے۔ آندرے رسل سے کولکاتا کے شیدائی امید کر رہے تھے کہ وہ ایک بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوں گے لیکن 3 شاندار چھکوں کے ساتھ 14 گیندوں پر 24 رن بنا کر راجپوت کو وکٹ دےبیٹھے۔ پیٹ کمنس بھی تیز رن بنانے کی کوشش میں جلدی آؤٹ ہو گئے لیکن 10 گیندوں پر 12 رن کا تعاون دیا۔ آخر کے اووروں میں ایان مورگن نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں و 1 چوکے کی مدد سے 23 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رن کی اننگ کھیلی۔ کملیش ناگر کوٹی نے بھی 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 8 رن بنائے۔


راجستھان کی طرف سے جوفرا آرچر نے لاجواب گیندبازی کی جنھوں نے 4 اوور میں محض 18 رن دے کر 2 وکٹ اپنے نام کیے۔راجپوت، انادکٹ، کرن اور تیواتیا کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔ راجپوت نے جہاں 4 اوور میں 39 رن خرچ کر دیے وہیں ٹام کرن اور شریئس گوپال نے 4-4 اوور میں بالترتیب 37 اور 43 رن دے ڈالے۔ انادکٹ نے 2 اوور میں 14 رن، پراگ نے ایک اوور میں 14 رن اور تیواتیا نے ایک اوور میں 6 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */