آئی پی ایل میچ نمبر 11: راشد خان کی 'پھرکی' میں پھنس گئی دہلی، حیدر آباد 15 رنوں سے فتحیاب

حیدر آباد کے ذریعہ دیے گئے 163 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے دہلی کی ٹیم 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 147 رن بنا سکی۔ اس ٹورنامنٹ میں دہلی کی یہ پہلی شکست ہے۔

اسپن گیندباز راشد خان
اسپن گیندباز راشد خان
user

تنویر

آئی پی ایل کے تیرہویں سیزن میں آج ایک بار پھر دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دہلی کیپٹلز اور سنرائزرس حیدر آباد کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ کافی اتار چڑھاؤ بھرا رہا، لیکن افغانستان سے تعلق رکھنے والے راشد خان نے دہلی کیپٹلز کے بلے بازوں کو اپنی 'پھرکی' کے جال میں زبردست طریقے سے باندھ کر رکھا۔ انھوں نے 4 اوور میں محض 14 رن دیے اور شکھر دھون، کپتان شریئس ایر کے ساتھ ساتھ رشبھ پنت کو بھی پویلین بھیجا۔ آخر میں دہلی 20 اوورس میں محض 147 رن بنا سکی اور حیدر آباد کو اس ٹورنامنٹ میں پہلی جیت 15 رنوں سے حاصل ہوئی ہے۔ راشد خان کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

دہلی کے کپتان شریئس ایر نے آج ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ فیصلہ صحیح نظر آ رہا تھا جب حیدر آباد کی ٹیم نے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 162 رن کا اسکور کھڑا کیا۔حیدر آباد کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ضرورت 33 گیندوں میں 45 رن کی بہترین اننگ کھیلی، لیکن دوسرے سلامی بلے باز جانی بیرسٹو نے کافی سنبھل کر کھیلا۔ انھوں نے 48 گیندوں پر 53 رنوں کی اننگ کھیلی اور اس وجہ سے حیدر آباد کا اسکور بہت زیادہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ وہ تو بھلا ہو کین ولیمسن کا جنھوں نے محض 26 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنوں کی پاری کھیلی۔ آخری میں عبدالصمد نے بھی 7 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12 رن بنائے۔ منیش پانڈے میچ میں پوری طرح فلاپ رہے جنھوں نے 5 گیندوں میں محض 3 رن بنائے۔ ابھشیک شرما 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


جہاں تک دہلی کی گیندبازی کی بات ہے، کگیسو رباڈا سب سے زیادہ کامیاب رہے جنھوں نے 4 اوور میں محض 21 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ لیگ اسپنر امت مشرا کو بھی حاصل ہوئے لیکن انھوں نے 4 اوور میں 35 رن خرچ کر دیے۔ باقی کسی بھی گیندباز کو وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ ایشانت شرما نے 3 اوور میں 26 رن، نورجے نے 4 اوور میں 40 رن، اسٹوئنس نے 3 اوور میں 22 رن، اور اکشر پٹیل نے 2 اوور میں 14 رن دیے۔

دہلی کی بلے بازی شروع ہوئی تو پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر بھونیشور کمار نے پرتھوی شا کو آؤٹ کر کے حیدر آباد کے خیمہ میں جوش بھر دیا۔ پرتھوی محض 2 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آئے کپتان شریئس ایر اور شکھر دھون کافی سنبھل کر کھیلتے رہے اور اس وجہ سے رنوں کی رفتار دھیمی ہو گئی۔ جب دونوں بلے باز کچھ جمے ہوئے نظر آئے تو راشد خان نے ایک کے بعد ایک پویلین بھیج دیا۔ پہلے شریئس ایر آٹھویں اوور میں 17 رن (21 گیندوں پر) رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اور پھر شکھر دھون بارہویں اوور میں 34 رن (31 گیندوں پر) بنا کر وکٹ کے پیچھے لپکے گئے۔ اس وقت دہلی کا اسکور محض 62 رن تھا۔


اس درمیان رشبھ پنت اور سمرن ہٹمایر نے وکٹ پر کچھ وقت گزارنے کی کوشش کی اور پھر دونوں نے اچھے شاٹ لگا کر رنوں کی رفتار بھی بڑھائی، لیکن دہلی جیت کی طرف بڑھتی ہوئی نظر آ رہی تھی تو دونوں یکے بعد دیگرے 16ویں اور 17ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ ہٹمایر کو بھونیشور کمار نے 21 رن (12 گیندوں پر) کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیجا اور پھر رشبھ پنت کو 28 رن (27 گیندوں پر) کے انفرادی اسکور پر راشد خان نے گرگ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ پھر رَن ریٹ بڑھتا گیا اور وکٹ ایک کے بعد ایک گرتے گئے۔ اسٹوئنس (9 گیندوں پر 11 رن) اور اکشر پٹیل (6 گیندوں پر 5 رن) بھی جلدی پویلین لوٹ گئے۔ رباڈا نے ناٹ آؤٹ 7 گیندوں پر 15 رن بنائے جب کہ دوسری طرف نورجے 2 گیندوں پر 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری اوور میں جیت کے لیے دہلی کو 28 رن بنانے تھے لیکن خلیل احمد نے اکشر پٹیل کو آؤٹ بھی کیا اور محض 12 رن دیے۔ اس طرح سے حیدر آباد کو 15 رنوں سے فتحیابی حاصل ہوئی۔

حیدر آباد کی طرف سے راشد خان نے سب سے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے 4 اوور میں محض 14 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ بھونیشور کمار اور کے. نٹراجن نے بھی اپنی گیندبازی سے دہلی کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ دونوں نے اپنے 4-4 اوور میں 25-25 رن خرچ کیے اور بھونیشور کو 2 وکٹ ملے جب کہ نٹراجن کو 1 وکٹ ملا۔ خلیل احمد خرچیلے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 43 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ابھشیک شرما نے 4 اوور میں 34 رن دیے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔