آئی پی ایل 2020: سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے جسپریت بمراہ نے بتایا اپنی کامیابی کا راز

آئی پی ایل 2020 میں جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پرپل کیپ کی دوڑ میں وہ سر فہرست آ گئے ہیں، بمراہ نے 14 میچوں میں 27 وکٹ حاصل کئے ہیں

سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے جسپریت بمراہ نے بتایا اپنی کامیابی کا راز
سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے جسپریت بمراہ نے بتایا اپنی کامیابی کا راز
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل کے 13ویں سیزن میں ممبئی انڈینز کے تیز گیندباز جسپریت بمراہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ دہلی کے خلاف بمراہ نے 14 رنز دے کر چار بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس تیز گیندباز نے دہلی کے خلاف پانے ٹی-20 کیرئر کا سب سے بہترین اسپیل پھینکا جس کی بنیاد پر بمراہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد بمراہ نے کہا، ’’میں وکٹ لینے کے بارے میں نہیں سوچتا۔ مجھے ایک کردار دیا گیا ہے، جسے ادا کرنے پر میں پوری طرح توجہ دیتا ہوں۔ اوس کے پیش نظر میرا شروع میں وکٹ حاصل کرنا اہم تھا۔ میں کبھی نتیجہ پر دھیان نہیں دیتا۔ جب بھی میں نے ایسا کیا، مجھے یہ مشکل لگا۔‘‘


بولٹ کے ساتھ گیندبازی کرنے کے بارے میں بمراہ نے کہا، ’’میں پہلی بار ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ گیندبازی کر رہا ہوں۔ ہماری بات چیت بہت اچھی رہتی ہے۔ وہ کامیاب گیندباز ہیں۔ ہم الگ طرح سے گیندبازی کرنے اور مختلف حالات میں گیندبازی کرنے پر بات کرتے ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ دونوں گیند باز اس سیزن میں مشترکہ طور پر 49 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

بمراہ ایک آئی پی ایل سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے ہندوستانی گیندباز بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سن رائزرز حیدرآباد کے تیز گیند باز بھونیشور کمار کے نام تھا، جنہوں نے ایک سیزن میں 26 وکت حاصل کئے تھے۔ بمراہ نے 14 میچوں میں 27 وکٹ حاصل کئے ہیں۔


بمراہ 27 وکٹ حاصل کر کے پرپل کیپ کی ریس میں سرفہرت آ گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر دہلی کیپٹلز کے تیز گیندباز کاگیسو ربادا ہیں جن کے نام 25 وکٹ ہیں۔ تیسرے مقام پر ممبئی کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ ہیں۔ انہوں نے 14 میچوں میں 22 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ چوتھے مقام پر راجستھان رائلز کے تیز گیندباز جوفرا آرچر ہیں جنہوں نے 20 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ جبکہ پانچویں مقام پر آر سی بی کے اسپینر یجویندر چہل ہیں جوکہ ٹورنامنٹ میں 20 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔