آئی پی ایل 2020: ممبئی سے شکست کے بعد دہلی کے کپتان نے بتائی ہار کی وجہ

دہلی کے کپتا شریئس ایر نے کہا کہ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہم نے 10-15 رن کم بنائے۔ اگر 170–175 رن کا اسکور ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔ مارکس اسٹوئنس کا رن آؤٹ ہمارے لئے دھچکا ثابت ہوا۔

شریئس ایر، تصویر بشکریہ بی سی سی آئی
شریئس ایر، تصویر بشکریہ بی سی سی آئی
user

یو این آئی

ابوظہبی: ممبئی انڈینز کے خلاف شکست کے بعد دہلی کیپٹلز کے کپتان شریئس ایر کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے میچ میں 10-15 رنز کم بنائے۔ دہلی نے شکھر دھون کے 52 گیندوں پر 69 اور ایر کے 33 گیندوں پر 42 رنز کی بدولت 20 اوور میں چار وکٹ پر 162 رن بنائے۔ لیکن ہدف کے تعاقب میں ممبئی نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹوں پر 166 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

شریئس ایر نے کہا کہ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہم نے 10-15 رن کم بنائے۔ اگر 170–175 رن کا اسکور ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔ مارکس اسٹوئنس کا رن آؤٹ ہمارے لئے دھچکا ثابت ہوا۔ ہمیں بیٹنگ میں کچھ بہتری کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے فیلڈنگ میں غلطیاں کیں اور کیچ بھی چھوڑے۔ ان شعبوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی نے تمام شعبوں میں ہمیں مات دی۔ ہمیں اگلے میچ سے پہلے اپنی ذہن سازی پر کام کرنا ہوگا۔ اسپنرز نے عمدہ بولنگ کی لیکن پچ پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں نہیں تھی۔ اگر ہم دو وکٹیں پاور پلے میں گرنے کے بعد جارحانہ انداز میں کھیلتے تو صورتحال اس سے مختلف ہوسکتی تھی۔


شریئس ایئر نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ کسی بھی ٹیم کو ہلکے میں نہ لیں اور خود کو مثبت رکھیں۔ اب بھی بہت ساری چیزیں ہیں جن میں ہمیں بہتری لانا ہوگی اور وقفے وقفے سے ہم ان پر توجہ دیں گے۔ ہمیں اس وقت رشبھ پنت کی واپسی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ ڈاکٹر نے کہا ہے کہ انہیں ایک ہفتہ آرام کرنا پڑے گا اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد ہی واپس آ جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */