IPL Live: بنگلور پر پنجاب کی 97 رنوں سے دھماکہ دار فتح، وراٹ کی ٹیم 17 اوور میں آل آؤٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

24 Sep 2020, 11:05 PM

کنگز الیون پنجاب نے رائل چیلنجرس بنگلور کو 97 رنوں سے دی شکست

آئی پی ایل 2020 کے چھٹے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے رائل چیلنجرس بنگلور کو بہ آسانی 97 رنوں سے ہرا دیا ہے۔ پنجاب کے 206 رن کے مقابلے بنگلور نے 17 اوور میں اپنے سبھی وکٹ گنوا کر 109 رن بنائے۔ اس طرح سے دیکھا جائے تو وراٹ کوہلی کی پوری ٹیم نے مل کر جتنے رن بنائے اس سے کہیں زیادہ پنجاب کے کپتان کے ایل راہل (132 رن) نے بنائے تھے۔

24 Sep 2020, 10:44 PM

بنگلور کے ہاتھ سے پھسل رہی جیت، چھٹا وکٹ آؤٹ

بنگلور کو پنجاب کے خلاف جیت کے لیے 207 رن بنانے ہیں، لیکن 13 اوور میں 83 رن پر ہی اس کے چھ وکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ اوپر کے سبھی ماسٹر بلے باز پویلین لوٹ چکے ہیں اور اس وقت واشنگٹن سندر اور اومیش یادو بلے بازی کر رہے ہیں۔

24 Sep 2020, 10:09 PM

6 اوور کے خاتمہ کے بعد بنگلور کا اسکور 40/3

پنجاب کے 206 رنوں کا پیچھا کرتے ہوئے بنگلور نے 6 اوور کے بعد 3 وکٹ کے نقصان پر 40 رن بنا لیے ہیں۔ تین وکٹ جلدی جلدی گرنے کے بعد اے بی ڈیویلیرس اور اور فنچ نے بہترین انداز میں کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ خصوصی طور پر ڈیویلیرس نے کچھ بہترین شاٹ لگائے ہیں۔


24 Sep 2020, 9:53 PM

وراٹ کوہلی محض 1 رن بنا کر آؤٹ، بنگلور مشکل میں

بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی محض ایک رن بنا کر شیلڈن کوٹریل کی گیند پر بشنوئی کو کیچ تھما بیٹھے۔ بنگلور کی ٹیم کے تین وکٹ محض 4 رن پر گر گئے ہیں اور ٹیم مشکل میں نظر آ رہی ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے خیمہ میں خوشی کی لہر ہے۔

24 Sep 2020, 9:47 PM

مشکل میں بنگلور، محض 3 رن کے اسکور پر لگا دوسرا جھٹکا

پنجاب کے 206 رنوں کا پیچھا کرنے اترے بنگلور کے بلے باز لڑکھڑاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ 2 اوور میں ہی ٹیم کے دو بلے باز آؤٹ ہو گئے ہیں۔ کوٹریل کے پہلے اوور میں پچھلے میچ میں بہترین بلے بازی کرنے والے پڈکل آؤٹ ہو گئے اور پھر محمد شامی کے پہلے اوور میں نئے بلے باز فلپ بھی پویلین لوٹ گئے۔ دو وکٹ محض 3 رن کے اسکور پر گر گئے۔


24 Sep 2020, 9:25 PM

پنجاب کے کپتان کے ایل راہل کی دھواں دھار سنچری، بنگلور کو جیت کے لیے بنانے ہوں گے 207 رن

کنگز الیون پنجاب کے کپتان کے ایل راہل کی دھواں دھار 132 رنوں کی اننگ کی بدولت ٹیم 20 اوور میں 206 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اب بنگلور کو جیتنے کے لیے 207 رن بنانے ہوں گے، حالانکہ بنگلور کی بیٹنگ لائن اَپ بہت اچھی ہے اور یہ میچ کافی دلچسپ ثابت ہونے کا امکان ہے۔

24 Sep 2020, 8:56 PM

پنجاب کے کپتان کے ایل راہل کی بہترین اننگ، 15 اوور میں اسکور 126/2

کپتان کے ایل راہل کی ناٹ آؤٹ 70 رنوں کی پاری کی بدولت پنجاب نے 15 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 126 رن بنا لیے ہیں۔ پنجاب کی ٹیم بنگلور کے خلاف بڑے رن کی طرف بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ چونکہ پنجاب کے پاس طویل بیٹنگ لائن اَپ ہے اس لیے آخر کے پانچ اووروں میں رنوں کی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔


24 Sep 2020, 8:28 PM

بنگلور کے خلاف پنجاب نے 10 اوور میں بنا لیے 90 رن

بہترین شروعات ملنے کے بعد پنجاب نے 10 اوور میں 90 رن بنا لیے ہیں اور اس کا صرف ایک وکٹ آؤٹ ہوا ہے۔ مینک اگروال 26 رن بنا کر چہل کا شکار ہو گئے تھے لیکن اس کے بعد کپتان کے ایل راہل اپنی تیز بلے بازی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے نکولس پورن آئے ہیں اور وہ فی الحال سنبھل کر کھیل رہے ہیں۔

24 Sep 2020, 8:05 PM

پنجاب کے سلامی بلے بازوں نے بغیرآؤٹ ہوئے 6 اوور میں بنا لیے 50 رن

کنگز الیون پنجاب کے سلامی بلے باز کے ایل راہل اور مینک اگروال نے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 اوور میں 50 رن بنا لیے ہیں۔ ایک طرف کپتان راہل 18 گیندوں پر 23 رن بنا کر کھیل رہے ہیں اور دوسری طرف مینک اگروال 18 گیندوں پر 25 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔


24 Sep 2020, 7:41 PM

کنگز الیون پنجاب کی اچھی شروعات، 2 اوور کے بعد اسکور 17 رن

رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف کنگز الیون پنجاب نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اچھی شروعات کی ہے۔ امیش یادو کے پہلے اوور میں جہاں 8 رن بنے وہیں ڈیل اسٹین کے دوسرے اوور میں 9 رن آئے۔ اس طرح سے دو اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے پنجاب میں 17 رن بنا لیے ہیں۔

24 Sep 2020, 7:21 PM

بنگلور کی ٹیم میں کوئی بدلاؤ نہیں، پنجاب نے کی دو تبدیلی

رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کی ٹیم میں آج وہی گیارہ کھلاڑی کھیل رہے ہیں جو حیدر آباد کے خلاف میدان میں اترے تھے۔ دوسری طرف پنجاب نے گزشتہ میچ کے مقابلے دو تبدیلی کی ہے۔ جارڈن اور گوتم کی جگہ پر نیشم اور ایم. اشون کھیل رہ ہیں۔


24 Sep 2020, 7:08 PM

بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پنجاب کو دی بلے بازی کی دعوت

آئی پی ایل سیزن 13 کے چھٹے مقابلے میں آج رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر کنگز الیون پنجاب کو بلے بازی کی دعوت دی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ایک بار پھر پنجاب کے کپتان لوکیش راہل سلامی بلے باز کے طور پر میدان میں آئیں گے اور ان کا ساتھ دیں گے مینک اگروال۔ پنجاب کے لیے یہ میچ کافی اہم ہے کیونکہ پہلا میچ وہ دہلی کیپٹلز کے خلاف سپر اوور میں ہار گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔