صرف ویکسین سے کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ ممکن نہیں، محتاط رہنے کی ضرورت، ڈبلیو ایچ او کا انتباہ

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تسلیم کیا کہ ویکسین کی دستیابی یقیناً کورونا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سبب بنے گی لیکن یہ کافی نہیں ہوگا کیونکہ...

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم / تصویر یو این آئی
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جنیوا: کورونا وائرس کی وبا سے پوری دنیا پریشان ہے اور لاکھوں لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ پوری دنیا کے سائنسدان وائرس سے لڑنے کے لئے ویکسین کے لئے تحقیق میں مصروف ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ ویکسین متعارف کرائے جانے کے بعد لوگوں کی جان بچائی جا سکے گی۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ صرف ویکسین کورونا کو ختم نہیں کر سکتی اور لوگوں کو اس کے بعد بھی محتاط رہنا ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا ہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے صرف ویکسین کافی نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک پوری دنیا میں پانچ کروڑ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 13 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔


عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جب کورونا ویکسین دستیاب ہوگی تو ابتدا میں اس کی کم مقدار ملے گی جس کی وجہ سے پہلی ترجیح عمر رسیدہ افراد، ہیلتھ ورکرز اور کووڈ 19 سے متاثرہ مریض ہوں گے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تسلیم کیا کہ ویکسین کی دستیابی یقیناً کورونا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سبب بنے گی لیکن یہ کافی نہیں ہوگا کیونکہ اس کے باوجود کورونا کے پھیلنے کے امکانات ہوں گے لہذا ہمیں پوری طرح احتیاط کرنا ہو گی، نگرانی رکھنا ہوگی اور ٹیسٹوں کے نظام کو مزید مؤثر کرنا ہوگا۔


عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ہمیں متاثرین کورونا کو علیحدہ رکھنا ہو گا اور ایسے افراد کی بھی دیکھ بھال کرنا ہو گی جو کورونا متاثرین سے کسی بھی مرحلے پر ملے ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔