ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ، سبھی 176 مسافر ہلاک

ایرانی طلبہ نیوز ایجنسی ’’ایسنا‘‘ نے ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کریش میں کسی مسافر کا زندہ بچنا محال ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تہران: ایران کے دارالحکومت تہران کے خمینی ہوائی اڈے کے نزدیک بدھ کو یوکرین کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کی وجہ سے اس میں سوار تمام 180 مسافروں کی موت ہو گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق یوکرین کا طیارہ بوئینگ 737-800 جیٹ پرواز کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ حادثہ تہران کے جنوب مغربی مضافاتی علاقے پارند کے نزدیک پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین بین الاقوامی ایئر لائن کے طیارے بوئینگ 732 نے مقامی وقت کے مطابق 5 بجکر 15 منٹ پر پرواز کی۔ یہ طیارہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں واقع بوریسپل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لئے روانہ ہوا تھا کہ اچانک یہ حادثہ کا شکار ہو گیا ۔ ایرانی ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان رضا ظفر زادہ نے کہا ’’واقعہ کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محکمہ قومی ہوا بازی کی ایک تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔ ہم آنے والے بلیٹن میں مزید معلومات دیں گے۔


العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یوکرائن کا 'بوئنگ 737' طیارہ آج بدھ کی صبح حادثے کا شکار ہوا ہے۔ حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جاتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرائنی مسافر بردار جہاز تہران کے خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گرکرتباہ ہوگیا۔


اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق یوکرینی طیارے میں آگ لگ گئی جبکہ جہاز کے ڈیٹا کا تجزیہ بتاتا ہے کہ جہاز کی رفتار کا اچانک ختم ہونا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اس میں دھماکہ ہوا۔ جہاز تہران سے یوکرائن کے دارلحکومت کیف جا رہا تھا۔

ایرانی طلبہ نیوز ایجنسی ’’ایسنا‘‘ نے ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کریش میں کسی مسافر کا زندہ بچنا محال ہے۔


سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کریش کے وقت اس میں آگ لگی ہوئی تھی اور وہ زمین پر گرتے ہی شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے جبکہ سوشل میڈیا پر ہی گردش کرنے والی تصاویر میں جہاز کے مسافر کا سامان اور لاشیں بکھری ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔ اس سے قبل 27 دسمبر کو قازقستان کی ایئر لائن 'بیک ایئر' کا طیارہ الماتی شہر کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا جس میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ )

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔