ڈونالڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی خواہش کا اظہار

امریکی صدر ٹرمپ نے جموں و کشمیر معاملے پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی خواہش کا اظہار ایک بار پھر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جی-7 چوٹی کانفرنس میں مودی سے ملاقات بہتر ثابت ہو سکتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ٹرمپ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس میں کہا کہ دونوں ایشیائی پڑوسی ممالک کے درمیان ’سلگتے مسائل‘ ہیں اور وہ مسائل سلجھانے میں مدد کر رہے ہیں ۔ امریکی صدر نے کہا’’واضح طور پر کہوں تو، یہ ایک بہت ہی دھماکہ خیز صورت حال ہے ۔ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان سے بھی بات کی ۔ دونوں ہی میرے اچھے دوست ہیں ۔ وہ عظیم لوگ ہیں اور اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔ میں اس ہفتے کے آخیر میں فرانس میں جی -7 چوٹی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم مودی کے ساتھ رہوں گا ۔ میں مانتا ہوں کہ ہم صورت حال کو بہتر بنانے میں مدد کر رہے ہیں‘‘۔


ڈونالڈ ٹرمپ نے مزید کہا’’دونوں ممالک کے درمیان بہت مسائل ہیں اور میں انہیں حل کرنے کے لئے ثالثی یا کچھ دیگراقدام کرنے کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔ موجودہ وقت میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کافی خراب ہیں اور وہ دوست نہیں ہیں‘‘۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور ریاست کو مرکز کے زیرانتظام دد ریاستوں میں تقسیم کرنے کے ہندوستان کے فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ ہندوستان نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ہندوستان نے کشمیر مسئلے پر کسی تیسری فریق کی مخالفت کی ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ ماہ کشمیر معاملے پر ثالثی کی امریکی صدر کی تجویز کو یکسر مستردکر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2019, 12:10 PM