بے قابو گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

جرمنی ریاست باویریا میں ایک مشتعل گائے کو پکڑنے کے لیے پولیس کو ہیلی کاپٹر کی مدد طلب کرنا پڑی۔ غصے میں آئی گائے اپنے مالک پر حملہ کرنے کے بعد قریبی علاقے میں دندناتی پھرتی رہی

بے قابو گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں
بے قابو گائے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں
user

ڈی. ڈبلیو

جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے ایک قصبے زانڈ ام مائن میں ایک بپھری ہوئی گائے کو قابو کرنے کے لیے کئی پولیس اہلکاروں کو گلیوں اور سڑکوں میں بھاگنا پڑا۔ اس کے بعد پولیس کو ہیلی کاپٹر کی مدد بھی طلب کرنا پڑی۔ اس ہیلی کاپٹر پر تھرمل کیمرا نصب تھا۔ یہ کیمرہ تاریکی میں ٹارگٹ کی نشاندہی کرتا ہے۔ گائے کو پکڑنے اور قابو میں لانے کے لیے مقامی فائر فائٹرز سے بھی مدد کی درخواست کی گئی۔

صحت مند گائے کو تقریباً چار گھنٹے کی محنت و مشقت کے بعد قابو میں کیا گیا۔ اس گائے کا وزن چھ سو کلوگرام بتایا گیا ہے۔ یہ قریبی فارم سے شام کے وقت نکل کر باہر آ گئی تھی اور پھر بے قابو ہو گئی۔ مالک نے پکڑنے کی کوشش تو وہ اُس پر حملہ آور ہو گئی، وہ مشکل سے جان بچانے میں کامیاب رہا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اندھیرا پھیلنے لگا تھا۔ اسی اندھیرے میں گائے کی نشاندہی کے لیے تھرمل کیمرے کا استعمال کیا گیا۔


گائے پکڑنے والی پولیس پارٹی کے کمانڈر اندریاس ونکلر کے مطابق اطلاع ملنے پر انہیں یہ بہت ہی حیران کن لیکن ہلکا پھلکا معاملہ لگا لیکن بعد میں اس کی شدت کا اندازہ ہوا۔ مقامی میڈیا کو پولیس افسر ونکلر نے بتایا کہ واقعی گائے بہت مشتعل اور غصے میں تھی اور خطرناک ہو چکی تھی۔

گائے کے مالک کے مطابق ابتدا میں فارم سے دو گائیں بھاگنے میں کامیاب ہوئی تھیں لیکن وہ ایک کو قابو کرنے میں کامیاب رہا اور واپس فارم لے گیا۔ لیکن دوسری گائے نے قریب آنے پر غصہ دکھانا شروع کر دیا۔ اس گائے نے بپھرنے کے بعد زانڈ ام مائن کے قصبے میں عام لوگوں کو بھی گھروں میں پابند رہنے پر مجبور کر دیا تھا۔


غصے میں آنے کے بعد گائے نے مالک پر حملے کے بعد ایک گرین ہاؤس کو ٹکریں مار کر توڑا اور پھر ایک موٹر کار کو بھی نقصان پہنچایا۔ قصبے کی ایک گلی میں داخل ہونے کے بعد اِس نے ایک اسکوٹر کو بھی ٹکر مار کر تباہ کیا اور سامنے سے آنے والی پولیس کی گاڑی کو بھی ٹکر مارنے سے گریز نہیں کیا۔ زانڈ ام مائن میں داخل ہونے کے بعد یہ اپنی مرضی سے لوگوں کو دیکھ کر مختلف سمتوں میں بھاگنا شروع کر دیتی تھی۔

انجام کار یہ گائے ایک ایسی راستے میں پہنچ گئی جو آگے سے بند تھا اور اتنی دیر میں ہیلی کاپٹر کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔ واپسی کے راستے کو گاڑیاں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا۔ گائے کو قابو کرنے کے لیے بے ہوشی کے ٹیکے کو بندوق سے فائر کیا گیا۔ اس کے بعد ہی بے ہوش گائے کو ٹرک پر لاد کر واپس فارم پہنچایا جا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔