سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات میں ’اچھی پیش رفت‘ ہوئی ہے: ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں ’اچھی پیش رفت‘ ہوئی ہے

سعودی عرب ایران مذاکرات
سعودی عرب ایران مذاکرات
user

قومی آوازبیورو

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات میں ’اچھی پیش رفت‘ ہوئی ہے۔ انھوں نے جمعرات کو بیروت میں لبنان کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری بات چیت کے ’مثبت اثرات‘ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ انھوں نے مشرقِ اوسط میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کو علاقائی عدم استحکام کا ذمے دار قرار دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ اگست میں اپنا منصب سنبھالنے کے بعد لبنان کا یہ پہلا دورہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے لبنانی صدر میشیل عون، وزیر اعظم نجیب میقاتی اور پارلیمانی کے اسپیکر نبیہ بری سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔ بعد میں ایک نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کا مثبت انداز میں جائزہ لیا ہے۔‘‘ وہ دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان اپریل سے جاری براہِ راست مذاکرات کا حوالہ دے رہے تھے۔

انھوں نے مزیدبتایا کہ ’’عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی کے لیے مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہوگا۔‘‘ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جون میں ابراہیم رئیسی کے بہ طور صدر انتخاب کے بعد سے ویانا میں مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔


سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ اتوار کو کہا تھا کہ مملکت اور ایران کے درمیان مذاکرات ابھی ’دریافتی مرحلے‘ میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کا چوتھا دور 21 ستمبر کو ہوا تھا اور یہ بات چیت دریافتی مرحلے میں باقی ہے۔

شہزادہ فیصل نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسیپ بورل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ’’ہمیں امید ہے کہ فریقین مسائل کے حل کی بنیاد رکھیں گے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لیےمل کر کام کریں گے۔‘‘

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ تہران اور الریاض کے درمیان مذاکرات میں خلیج میں سلامتی کے معاملے پر’’سنجیدہ پیش رفت‘‘ ہوئی ہے۔

اگست میں ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے چار ماہ کے دوران میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں سعودی اور ایرانی حکام کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہوئے تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔