حیرت انگیز: خاتون کے ہاں 9 جڑواں بچوں کی پیدائش

مراکش میں ایک خاتون کے ہاں 9 بچوں کی پیدائش کا واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ خاتون کا تعلق مالی سے ہے۔ بچوں اور ان کی ماں کی حالت تسلی بخش ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

رباط: مراکش میں ایک خاتون کے ہاں 9 بچوں کی پیدائش کا واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ خاتون کا تعلق مالی سے ہے۔ بچوں اور ان کی ماں کی حالت تسلی بخش ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مالی کی حکومت نے 25 سالہ حلیمہ سیسیہ کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مراکش منتقل کیا۔ ڈاکٹروں‌ نے بتایا تھا کہ خاتون کے بطن میں 7 جڑواں بچے ہیں۔


مراکشی وزارت صحت کے ترجمان رشید کذری کا کہنا ہےکہ انہیں ملک کے ایک اسپتال میں داخل خاتون کے ہاں نو بچوں کی پیدائش کا علم نہیں۔ تاہم مالی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حلیمہ سیسیہ نے سرجری کے ذریعے 9 بچوں کو جنم دیا ہے۔ ان میں سے 5 بچیاں اور چار بچے ہیں۔

مالی کی وزیر صحت فانٹا سیپی نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ ماں اب تک بہ خیریت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سے ایک ڈاکٹر سیسیہ کے ساتھ مراکش گیا تھا اور اس نے ہمیں صورت حال سےآگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حلیمہ سیسیہ چند ہفتوں کے اندر اندر واپس آجائے گی۔

قبل ازیں مالی کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ سیسہ کا مالی اور مراکش میں کئی بار الٹراساؤنڈ کیا گیا۔ ہر بار رپورٹ میں اس کے پیٹ میں 7 بچوں کی نشاندہی ہوتی تھی مگر پیدائش کے بعد پتا چلا کہ بچوں کی تعداد نو ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */