روس کو دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والا ملک قرار نہیں دیا جا سکتا! امریکہ

امریکہ کا کہنا ہے کہ روس کو دہشت گردی کے سرپرست کے طور پر نامزد کرنے سے خوراک کی برآمدات میں تاخیر ہو سکتی ہے اور بحیرہ اسود کے پار سامان کی نقل و حمل کے معاہدوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے

جو بائیڈن، تصویر آئی اے این ایس
جو بائیڈن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

واشنگٹن: ماسکو کی جانب سے یوکرین میں اپنی فوجی کارروائیوں کے آغاز کے بعد روس اور امریکہ کے کشیدہ تعلقات کے باوجود وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست کے طور پر نامزد نہیں کیا جا سکتا اور یہ اس کا حتمی فیصلہ ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرن جین پیئر نے منگل کے روز کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملک کے طور پر نامزد کرنے کے خلاف حتمی فیصلہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کو دہشت گردی کے سرپرست کے طور پر نامزد کرنے سے خوراک کی برآمدات میں تاخیر ہو سکتی ہے اور بحیرہ اسود کے پار سامان کی نقل و حمل کے معاہدوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں کے مختصر رد عمل کے دوران، روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا ملک قرار دینے کے خیال کو مسترد کر دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس میں پریس بیانات میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا روس کو دہشت گردی کے ریاستی سرپرست کے طور پر درجہ بندی کیا جانا چاہیے۔


دوسری جانب کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکی صدر کے روس کو ’دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا ریاست‘ قرار دینے سے انکار کو مثبت قرار دیا۔ پیسکوف نے منگل کو ایک پریس بیان میں کہا کہ ’’یہ سوال خود ہی اشتعال انگیز ہے۔ یقیناً یہ اچھی بات ہے کہ امریکی صدر نے اس طرح جواب دیا ہے۔ امریکہ کا یہ موقف اس وقت سامنے آیا ہے جب ماسکو نے خبردار کیا تھا کہ یہ اقدام امریکہ اور روس کے تعلقات کے خاتمے کا باعث بنے گا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ یہ قدم سفارتی تعلقات کو منقطع کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک امریکی موقف میں کسی بھی پیشرفت کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے کچھ امریکی قانون ساز کئی ماہ سے روس کو اس فہرست یا درجہ بندی میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ تقریباً ایک ماہ قبل، امریکی سینیٹ نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ روس کو ’دہشت گردی کے سرپرست‘ کے طور پر تسلیم کرے۔

24 فروری کو اپنی سرزمین میں روسی فوجی کارروائی کے بعد سے یوکرین کے سب سے نمایاں مطالبات میں سے ایک ماسکو کو دہشت گردی کی سرپرست ریاست کے طور پر درجہ بندی کرنے کا بھی رہا ہے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */