سری لنکا: وکرم سنگھے نے لیا وزیراعظم کے عہدے کا حلف

سری لنکا کے صدر میتری پال سری سینا نے ایوان صدر میں منعقد تقریب میں وکرم سنگھے کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولمبو: سری نکا میں دوماہ تک جاری رہنے والے سیاسی تنازعہ کے بعد اتوار کو یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے رہنما رانل وکرم سنگھے نے ایک بار پھر وزیراعظم کے عہدے کا حلف لے لیا۔

صدر میتری پال سری سینا نے ایوان صدر میں منعقد تقریب میں وکرم سنگھے کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکا میں دوماہ سے جاری سیاسی بحران ختم ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو صدر سری سینا نے وزیراعظم وکرم سنگھے کو عہدے سے ہٹا کر سابق صدر مہندر راج پکشے کو وزیراعظم مقررکردیا تھا۔

راج پکشے جب 225 رکنی ایوان میں اکثریت ثابت نہیں کرپائے تو صدر سری سینا نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے انتخابات کرانے کا اعلان کردیا تھا۔ صدر اس قدم کو سری لنکا کی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔سپریم کورٹ نے 13 نومبر کو صدر کے نوٹیفکیشن کو عارضی طورپر غیرقانونی قرار دیکر انتخابات کی تیاریوں پر روک لگانے کا عبوری فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صدر کا پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن آئینی روح کے مطابق نہیں ہے۔

سری لنکا کی ایک نچلی عدالت نے بھی پکشے اور ان کی اور ان کی وزارتی کونسل کو سرکاری کام کاج میں حصہ نہ لینے کا حکم جاری کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر راج پکشے کی نظر ثانی کی عرضی خارج کردی۔

اس کے بعد سنیچر کو راج پکشے نے عہدے سے استعفی دے کر وکرم سنگھے کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کرنے کی راہ ہموار کی۔ سری لنکا کے اخبار کولمبو پیج کے مطابق پیر کے روز وکرم سنگھے کی وزارتی کونسل کی تشکیل کی جائیگی۔ سالانہ بجٹ بننے تک ضروری کارروائی پوری کرنے کے لیے ضمنی مطالبات زر منظور کیا جائیگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وکرم سنگھے کی کابینہ میں 30 ارکان کے ہونے کا امکان ہے جس میں سری لنکا فریڈم پارٹی کے چھ رکن پارلیمان شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔