پاکستان خود کو نہیں سنبھال پا رہا تو کشمیر کیا سنبھالے گا: شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے کشمیر کو علیحدہ ملک بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ ایسا کر کے ہی یہاں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں کو ہی اس سلسلے میں غور کرنا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے پاکستان اور کشمیر کے تعلق سے ایک ایسا بیان دیا ہے جسے سن کر کئی پاکستانی ان کے خلاف کھڑے ہو جائیں گے۔ دراصل سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ پاکستان کی بدتر حالت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں اور یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ’’پاکستان سے اپنے 4 صوبے نہیں سنبھل رہے، ایسے میں وہ کشمیر کو کیا سنبھالیں گے۔‘‘ آفریدی کا یہ بیان پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے لیے ایک مشورہ تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ بھی کشمیر میں امن کی بات کرتے ہیں، لیکن اس تعلق سے ابھی تک کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے۔

ویڈیو میں شاہد آفریدی انسانیت پر ہو رہے مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کشمیر کو ایک علیحدہ ملک بنا دیا جانا چاہیے تاکہ ہندوستان اور پاکستان میں کسی طرح کا جھگڑا نہ ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیے، اور یہ ہندوستان کو بھی مت دو۔ کشمیر کو ایک علیحدہ ملک بنا دیا جانا چاہیے، کیونکہ اس سے کم از کم انسانیت تو زندہ رہے گی۔ جو لوگ کشمیر میں مر رہے ہیں کم سے کم ان کی زندگیاں تو بچ جائیں گی۔‘‘

شاہد آفریدی کا یہ ویڈیو غالباً لندن کا ہے جہاں وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ انھوں نے اس دوران میڈیا سے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں امن بحال کرنے کی کوششیں ہونی چاہئیں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہندوستان و پاکستان کے بیچ کشمیر کا جھگڑا ختم ہو۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’انسانیت بڑی چیز ہے۔ کشمیر میں جو لوگ مر رہے ہیں وہ کسی بھی مذہب کے کیوں نہ ہوں، انھیں مرتا دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔