اسرائیل ’سرطان کا پھوڑا ہے‘: روحانی

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک ’سرطان کا پھوڑا‘ ہے جسے مغربی ممالک نے مشرق وُسطیٰ میں اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے تخلیق کیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی
ایرانی صدر حسن روحانی
user

ڈی. ڈبلیو

ایرانی رہنماؤں کی طرف سے اسرائیل کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ تاہم نسبتاً اعتدال پسند ایرانی صدر حسن روحانی کی طرف سے اسرائیل کے خلاف اس طرح کے بیان شاذ ونادر ہی سامنے آتے ہیں۔ سالانہ اسلامی اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا، ’’دوسری عالمی جنگ کے منحوس نتائج میں سے ایک اس علاقے میں سرطان کے پھوڑے کا وجود میں آنا تھا۔‘‘ انہوں نے اسرائیل کو ایک ’جعلی نظام حکومت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے مغربی ممالک نے قائم کیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران حزب اللہ اور حماس جیسے عسکریت پسند گروپوں کی حمایت کرتا ہے جو اسرائیل کی تباہی کے خواہاں ہیں۔ ایران نے کبھی اسرائیل پر حملے کی دھمکی تو نہیں دی تاہم اسرائیلی حملے کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرتا آیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیل کی طرف سے ایران کو اپنی بقا کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا علاقے کی مسلم اقوام کے ساتھ قریبی تعلقات پیدا کرتا ہے تاکہ اسرائیل کی حفاظت کی جا سکے۔ ان کا بظاہر اشارہ سعودی عرب کی طرف تھا جو امریکا کا قریبی اتحادی ملک ہے۔ روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ کے سامنے جھکنا غداری جیسا ہے۔

ایرانی صدر کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ ایران سعودی عرب کو ’’دہشت گردی اور سپر پاورز‘‘ سے بچانے کے لیے تیار ہے۔ سعودی عرب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حسن روحانی کا مزید کہنا تھا، ’’ہم آپ کو ایک بھائی تصور کرتے ہیں۔۔۔ ہم مکہ اور مدینہ کے لوگوں کو اپنا بھائی مانتے ہیں۔‘‘

سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات تین برس قبل اُس وقت ختم کیے تھے جب ایرانی مظاہرین نے ایران میں قائم سعودی سفارتی مراکز کو نقصان پہنچایا۔ یہ مظاہرین سعودی عرب میں ایک معروف شیعہ عالم دین کو سزائے موت دیئے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ شام اور یمن کی جنگ میں سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے مخالف گروپوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Nov 2018, 6:35 AM