امریکہ: سمندری طوفان فلورنس کا قہر، 7.5 لاکھ گھر بجلی سے محروم، 4 افراد ہلاک

طوفان کی وجہ سے نارتھ کیرولینا اور ساؤتھ کیرولینا میں ایک میٹر تک بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق طوفان کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو کئی ہفتوں تک بغیر بجلی کے رہنا پڑ سکتا ہے۔

ولمنگٹن/نارتھ کیرولینا: امریکہ کے نارتھ کیرولینا میں طوفان ’فلورنس‘ کے جمعہ کو سمندر سے ٹکرانے کے بعد ہونے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے۔ طوفان کی وجہ سے اب تک چار افراد کی موت ہو گئی ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔

ولمنگٹن میں طوفان کی وجہ سے درخت کے ایک گھر پر گر جانے سے اس میں موجود ایک خاتون اور اس کے بچے کی موت ہو گئی، بچے کے والد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ نارتھ کیرولینا کی پینڈر کاؤنٹی میں ایک خاتون کا دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ طبی ٹیم نے خواتین تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن سڑکوں پر جمع ملبے کی وجہ سے میڈیکل ٹیم خاتون تک نہیں پہنچ سکی۔ سمندری طوفان پر نظر رکھنے والے مرکز کے مطابق ولمنگٹن کے قریب ہوا کی رفتار تقریبا 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

طوفان کی وجہ سے 7،22،000 گھروں اور عمارتوں کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق طوفان کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو کئی ہفتوں تک بغیر بجلی کے رہنا پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ محکموں نے بحالی میں کئی ہفتے لگنے کی بات کہی ہے۔ طوفان کی وجہ سے نارتھ کیرولینا اور ساؤتھ کیرولینا میں ایک میٹر تک بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو ایک بیان جاری کر کے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اگلے ہفتے متاثرہ علاقے کا دورہ کر کےصورتحال کا جائزہ لیں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

سب سے زیادہ مقبول