فرانس میں تازہ حملہ، پادری پر گولیاں چلا کر حملہ آور فرار

فرانس میں ہونے والے ایک تازہ حملہ میں نامعلوم حملہ آور نے ایک چرچ کے باہر فائرنگ کرکے پادری کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، یہ واقعہ فرانس کے شہر لیون میں پیش آیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پیرس: فرانس میں ہونے والے ایک تازہ حملہ میں نامعلوم حملہ آور نے ایک چرچ کے باہر فائرنگ کرکے پادری کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ یہ واقعہ فرانس کے شہر لیون میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق پادری کو دو گولیاں لگیں۔ ان پر حملہ اُس وقت کی گیا جب وہ چرچ کو بند کر رہے تھے۔ زیر علاج پادری کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ابھی دو دو روز قبل فرانس کے شہر نیس میں چرچ کے قریب ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے تین لوگوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔ پولیس نے اُس حملہ آور کو گرفتار کر لیا تھا اور ملک بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

بعض فرانسیسی وزراء نے خبردار کیا ہے کہ ’اسلامی جنگجوؤں‘ کے مزید حملوں کا خطرہ ہوسکتا ہے۔فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں نے مذکورہ واقعے کے بعد عبادت گاہوں اور اسکولوں کے باہر مزید فوجی تعینات کا حکم دیا ہے۔

فرانس میں تشدد کے یہ پے درپے واقعات پیغمبرِاسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکے دکھانے کے بعد پیش آرہے ہیں۔فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں ایک اسکول میں تاریخ کے استاد نے اکتوبر کے اوائل میں اپنی جماعت میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکے دکھائے تھے۔


اس پر فرانس میں مقیم ایک چیچن نژاد نوجوان طیش میں آگیا تھا اور اس نے 16 اکتوبر کو اس استاد کا دریدہ دہنی پر سرقلم کردیا تھا۔ فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں نے مقتول استاد کی حرکت کا اظہار رائے کی آزادی کے نام پر دفاع کیا تھا اور اس کو خراجِ عقیدت پیش کیا تھا۔ ان کے اس طرزِعمل پر اسلامی دنیامیں سخت غیظ وغضب پایا جارہا ہے، احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں اور فرانس کی ساختہ مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیلیں کی جارہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔