ترکی زلزلہ: مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی، 1015 افراد زخمی

وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا ہے کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 30 افراد دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے جب کہ 500 کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انقرہ: ترکی میں آئے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی جبکہ 1015 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو آئے زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 تھی اور 772 لوگ زخمی ہوئے تھے۔ بوغازیکی یونیورسٹی میں واقع زلزلہ مرکز کے مطابق یہ زلزلہ ترکی کی راجدھانی انقرہ سے 750 کلومیٹر دور ایلاجی صوبہ میں کل مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 55 منٹ پر آیا تھا۔ اس کے بعد کئی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریختر پیمانے پر اس کی شدت 4ء5 اور 1ء5 ماپی گئی ہے۔

اس وقت 81 ترکی صوبوں میں سے 28 صوبہ میں سے 493 بچاؤ ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ تقریباً 1700 ٹینٹ، 1656 بستر اور 9200 چادریں ان علاقوں میں بھیجی گئیں ہیں۔ موبائل آپریٹروں نے ایلاجگ اور مالاتیہ صوبہ میں مفت مواصلاتی سہولیات شروع کی ہیں۔


ترکی کے وزیر صحت فخرالدین کوجہ نے دیگر وزراء کے ہمراہ امدادی آپریشن کی نگرانی کے لیے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ وزیر داخلہ سلیمان سویلو کا کہنا ہے کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 30 افراد دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے جب کہ 500 کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ تیسرے درجے کی شدت کا ہے جس کے لیے بیرونی امداد نہیں بلکہ قومی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔

ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کاررائیوں کے تحت خیمے اور کمبل فراہم کرنا شروع کردیئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں شدید سردی ہے اور درجہ حرارت رات کو صفر تک گرجاتا ہے۔


ترکی کے ساتھ ساتھ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملکوں شام اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔ لبنان کے شہر بیروت اور طرابلس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یاد رہے کہ ترکی میں زلزلوں کی طویل تاریخ ہے۔ اگست 1999 میں استنبول کے شمال مشرق میں 90 کلومیٹر کی دور پرآنے والے 7.6 شدت کے زلزلے سے 17،000 سے زیادہ افراد جاں بحق جب کہ پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔ سنہ 2011ء میں ملک کے مشرق میں وان شہر اور شمال کے قریب 100 کلومیٹر دور شہر ارجیس میں زلزلے کے نتیجے میں 523 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔