کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ ہونا ’انتہائی تکلیف دہ سنگ میل‘: گوٹریس

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے اب تک دنیا بھر میں 10 لاکھ 555 افراد ہلاک ہوچکے ہیں

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس/ یو این آئی
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس/ یو این آئی
user

یو این آئی

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں 10 سے زائد ہلاکتوں کو ایک ’انتہائی تکلیف دہ سنگ میل‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار قلب و ذہن کو سن کر دینے والا ہے۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے اب تک دنیا بھر میں 10 لاکھ 555 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ 3 کروڑ 32 لاکھ 73 ہزار 720 افراد اس جان لیوا وبا کی زد میں آچکے ہیں۔


گوٹریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہماری دنیا انتہائی تکلیف دہ سنگ میل پر پہنچ چکی ہے۔ کووڈ۔ 19 وبا نے 10 لاکھ افراد کو ہلاک کیا۔ یہ قلب و ذہن کو سُن کر دینے والا ہے۔ ہمیں کبھی بھی کسی شخص کی زندگی سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ وہ والدین، ​​شریک حیات، بہن بھائی، دوست اور ساتھی کارکن تھے۔ اس وبا کی بربریت نے درد میں کئی گنا اضافہ کیا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا ’’ وائرس پھیلنے سے ملازمتوں کے نقصان، تعلیم میں رکاوٹیں، ہماری زندگیوں میں اتھل پتھل اور بدحالی کا اب بھی کوئی خاتمہ نہیں ہوا ہے۔ ہم اس چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں لیکن ہمیں غلطیوں سے سبق لینا چاہیے۔ ذمہ دار قیادت معنی رکھتی، سائنس معنی رکھتا ہے، تعاون معنی رکھتا ہے اور غلط جانکاری جان لے لیتی ہے‘‘۔ گوٹریس نے جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے، چہرے کے ماسک پہننے اور ہاتھ دھونے پر زور دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔