چین: اسکولوں میں سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے طلبہ کی ایک میٹر لمبی ٹوپیاں

کووڈ-19 سے حفاظت کے لئے چین کے اسکولوں نے ایسی ٹوپیوں کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے جو طلبہ کے درمیان محفوظ فاصلے کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں

چین: ایک میٹر لمبی ٹوپیاں پہنے اسکولی بچے
چین: ایک میٹر لمبی ٹوپیاں پہنے اسکولی بچے
user

قومی آوازبیورو

ایسے وقت میں جب کہ دنیا بھر میں کمپنیاں کورونا وائرس کے خلاف ویکسین ایجاد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بعض ممالک سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے نت نئے طریقے سامنے لا رہے ہیں۔ کوویڈ 19 وائرس کے مؤثر علاج کی عدم دستیابی میں سماجی دوری مثالی حل ہے۔ اس سلسلے میں چین کے اسکولوں نے ایسی ٹوپیوں کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے جو طلبہ کے درمیان محفوظ فاصلے کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ پیش رفت کورونا کے سبب ملک کے اسکولوں کی تین ماہ کے لیے بندش کے بعد سامنے آئی ہے۔

چین کے مشرقی صوبے زیجیانگ کے شہر ہینگزو میں ایک پرائمری اسکول کی کلاس کے اندر بنایا گیا وڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے۔ وڈیو میں چھوٹے طلبہ ایسی ٹوپیاں پہنے دکھائی دے رہے ہیں جن میں جانبی پٹیاں فراہم کی گئی ہیں۔ یہ پٹیاں ایک میٹر لمبی ہیں اور ان کا مقصد ایک دوسرے سے دور رہنے کی ضرورت کے حوالے سے متنبہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بچے چہروں پر طبی ماسک بھی پہنتے ہیں۔

برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق مذکورہ اسکول نے ان ٹوپیوں کی تجویز ایسے موقع پر پیش کی جب 26 اپریل سے پہلی سے تیسری جماعت کے چھوٹے طلبہ کے دوبارہ اسکول آنے کا آغاز ہوا۔


اسکول کے پرنسپل نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ "ہم طلبہ کے ایک میٹر طویل ٹوپی پہننے پر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ... اس کا مقصد یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے سے 1 میٹر (3.5 فٹ) کے فاصلے پر رہیں"۔ چین میں حکام نے تین ماہ کی بندش کے بعد بعض اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔