نیوزی لینڈ: مسجد میں ہوئی اندھادھند فائرنگ میں بال بال بچے بنگلہ دیشی کرکٹر

حالات کی سنگینی کے پیش نظر نیوزی لینڈ کرکٹ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مشترکہ طور پر ہیگلی اوول ٹیسٹ کینسل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ واقع مسجد میں جمعہ کی دوپہر جب شدت پسندوں نے مسلمانوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، ٹھیک اسی وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی مسجد النور میں تھی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ہیگلی پارک کے نزدیک اس مسجد میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سبھی اراکین داخل ہو رہے تھے جب اچانک گولی باری شروع ہو گئی۔ لیکن خوش قسمتی یہ رہی کہ وہ وہاں سے بحفاظت واپس ہوٹل تک پہنچا دیے گئے۔ حملے کی خبر ملتے ہی بنگلہ دیش میں ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا، لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کرکٹر تمیم اقبال نے ٹوئٹ کر کے یہ خبر دی کہ سبھی کھلاڑی محفوظ ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جب مسجد میں گولی چلی تو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سبھی اراکین حیران و ششدر رہ گئے اور انھیں کچھ سمجھ نہیں آیا۔ لیکن وہ سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الٹے پیر اپنے ہوٹل کی طرف واپس چلے آئے۔ بعد ازاں تمیم اقبال نے ٹوئٹ کر کے یہ جانکاری دی کہ ’’سرگرم شوٹرس سے پوری بنگلہ دیش ٹیم محفوظ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’یہ انتہائی خطرناک تجربہ رہا۔ برائے کرم آپ اپنی دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیے۔‘‘

حملہ کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے بھی ٹوئٹ کے ذریعہ سبھی ٹیم اراکین کے محفوظ ہونے کی خبر دی۔ بورڈ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’’کرائسٹ چرچ شہر میں شوٹنگ کے واقعات کے درمیان بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے وہ سبھی اراکین جو کرائسٹ چرچ میں ہیں، حفاظت کے ساتھ ہوٹل میں واپس لوٹ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سبھی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ لگاتار رابطہ قائم کیے ہوئے ہے۔‘‘

اس درمیان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹیم کے زیادہ تر لوگ مسجد گئے تھے اور جب یہ واقعہ سرزد ہوا تو وہ اندر داخل ہونے ہی والے تھے۔‘‘ انھوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹیم کے رکن محفوظ ہیں لیکن ذہنی طور پر بہت پریشان ہیں۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ہیگلی اوول ٹیسٹ کو کینسل کرنے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’دل کی گہرائیوں سے ان دوستوں اور خاندانوں کو خراج عقیدت جو کرائسٹ چرچ میں دردناک حالات میں متاثر ہوئے ہیں۔ اس واقعہ کے پیش نظر نیوزی لینڈ کرکٹ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مشترکہ طور پر فیصلہ لیا ہے کہ ہیگلی اوول ٹیسٹ کو منسوخ کیا جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Mar 2019, 10:09 AM