افغانستان: دارالحکومت کابل میں تین دھماکے، 6 افراد جان بحق

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ "کابل کے عبدالرحیم شاہد اسکول کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ہمارے شیعہ بھائیوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔"

کابل دھماکہ / آئی اے این ایس
کابل دھماکہ / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

افغان پولیس کے مطابق کابل کے شیعہ ہزارہ آبادی والے علاقے میں لڑکوں کے اسکول کے قریب تین دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے جن میں 6 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ جبکہ 11 زخمی ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ اگست میں طالبان کی جانب سے امریکی حمایت یافتہ افغان حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے ملک میں بم دھماکوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن داعش کی طرف سے کئی حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ "کابل کے عبدالرحیم شاہد اسکول کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ہمارے شیعہ بھائیوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔"


عبد الرحیم شاہد بوائز اسکول کابل کے مغرب میں واقع ہزارہ آبادی کی اکثریت والے علاقے دشت بارچی میں واقع ہے اور آج سے پہلے بھی اس علاقے کو داعش اپنی کارروائی کا نشانہ بنا چکا ہے۔ ایک عینی شاہد نے عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب طلباء صبح کی کلاسز کے بعد باہر نکل رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی بھیانک تصاویر میں اسکول کے گیٹ اور کمپاؤنڈ میں کئی لاشیں پڑی نظر آ رہی ہیں۔ تصاویر میں خون، جلی ہوئی کتابیں اور اسکول کے بیگ احاطے میں بکھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ طالبانیوں کو علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ متاثرین کو اسپتال لے جایا گیا ہے، تاہم طالبانیوں نے صحافیوں کو احاطے سے دور روکا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔