افغانستان دنیا کا سب سے زیادہ شورش زدہ ملک، شام کو بھی پیچھے چھوڑا

عالمی امن انڈیکس 2019 کی جمعرات کو جاری رپورٹ کے مطابق شام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے افغانستان دنیا میں سب سے زیادہ شورش زدہ ملک کے معاملے میں پہلے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ویلنگٹن: افغانستان دنیا کا سب سے زیادہ شورش زدہ ملک ہے اور اس معاملہ میں اس نے خانہ جنگی سے متاثر شام کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آسٹریلیا میں واقع انسٹی ٹیوٹ فار اكنامكس اینڈ پیس کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں 163 ممالک میں ’پرامن حالات ‘ کا جائزہ لیا گیا۔ اس میں فوجی اخراجات، لڑائیوں اور دہشت گردی کی وجوہات سے ہونے والی اموات کے ساتھ ساتھ تشدد کی متوقع اقتصادی لاگت کا بھی تجزیہ کیا گیا۔


عالمی امن انڈیکس 2019 کی جمعرات کو جاری رپورٹ کے مطابق شام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے افغانستان دنیا میں سب سے زیادہ شورش زدہ ملک کے معاملے میں پہلے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ قابل غور ہے کہ دونوں ہی ممالک میں خانہ جنگی جیسی صورتحال ہے اور آئے دن بڑے پیمانے پر لوگ مارے جاتے ہیں۔

رپورٹ میں آئس لینڈ نے مسلسل 12 ویں سال دنیا کے سب سے زیادہ پر امن ملک کا درجہ برقرار رکھا۔ شمالی یوروپی ممالک کے پر فضا مقام کے طور پر مشہور اس ملک میں قتل کی شرح میں کمی اور اقوام متحدہ کے امن کے کاموں کیلئے رقم میں اضافہ درج کیا گیا۔


’نیوزی لینڈ ہیرالڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق کرائسٹ چرچ حملہ کے باوجود نیوزی لینڈ دوسرا سب سے امن پسند ملک رہا۔ امن پسند ممالک کی لسٹ میں نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریا، پرتگال اور ڈنمارک کے ساتھ یوروپی ممالک کا غلبہ رہا۔ رپورٹ میں محققین نے نیوزی لینڈ میں 15 مارچ کو ہوئے کرائسٹ چرچ مسجد حملے کے اثرات كو بھی نوٹ کیا۔ اس میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ نے دوسرے پہلوؤں کو بہتر کیا اور آفات سے نمٹنے میں تیاری دکھائی۔

رپورٹ میں نیوزی لینڈ میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں 51 افراد کے مارے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ’’نیوزی لینڈ نے 23 اشاریہ میں سے 22 پر اپنے اسکور کو بہتر بنایا یا پھر اسے برقرار رکھا‘‘۔ رپورٹ کے مطابق پرتگال تیسرا اور آسٹریا چوتھا سب سے زیادہ پرامن ملک رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */