یوکرین میں ناکامی جیسی صورت حال! صدر پوتن کا اضافی فوج بلانے کے اعلان، ہزاروں شہری ملک چھوڑنے پر مجبور

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین میں لڑنے کے لیے اضافی فوجیوں کو دوبارہ متحرک کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ملک میں بدامنی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے اور ہزاروں شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں

ولادیمیر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
ولادیمیر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو یوکرین میں لڑنے کے لیے ’ریزرو‘ یعنی اضافی فوجیوں کو وقتی طور پر دوبارہ متحرک کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد ملک میں بظاہر بدامنی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور ہزاروں شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق یوکرین میں ناکامی جیسی صورتحال کے بعد صدر پوتن نے کہا ہے کہ تقریباً تین لاکھ ریزرو فوجی بلائے جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد روس کے مختلف شہروں میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور ایک ہزار سے زیادہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ہزاروں شہری احتجاج میں شرکت کرنے کے بجائے ملک چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ فرنٹ لائن پر بھیجے جانے سے بچ سکیں۔


اس کی ایک مثال یہ ہے کہ بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹ، ان مقامات کے لیے جہاں روسی شہریوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی، فروخت ہو چکے ہیں یا ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

ماسکو سے ترکی کے شہر استنبول اور آرمینیا کے شہر یریوان کے لیے براہ راست تمام پروازیں بُدھ کو فروخت ہو گئیں۔ روس کی سب سے مشہور فلائٹ بکنگ سائٹ ایویا سیلز کے اعداد و شمار کے مطابق اگلے اتوار تک مزید ٹکٹیں دستیاب نہیں ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ماسکو سے جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی کے لیے کچھ راستے بشمول سٹاپ اوور والوں کے لیے بھی ٹکٹیں دستیاب نہیں جبکہ دبئی کے لیے سستی ترین پروازوں کی لاگت 300,000 روبل یعنی تقریباً 5,000 ڈالر سے زیادہ ہے۔

روسی شہریوں کے لیے ایک اور مقبول مقام سربیا کا دارالحکومت بلغراد ہے، جہاں روسی شہریوں کے لیے ویزے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا کے اداروں نے نشاندہی کی کہ ٹکٹوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے وہ راستہ بھی اب آسانی سے دستیاب نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */