امریکہ میں ایک دن میں 800 ہلاکتیں،پوری دنیا میں42 ہزار سے زیادہ

کورونا سے امریکہ میں کم از کم ایک لاکھ اور اگر احتیاط نہ کی تو 22 لاکھ افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتے بہت تکلیف دہ، بہت بہت تکلیف دہ ہوں گے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکہ میں منگل کو کورونا وائرس سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 800 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئےجبکہ پوری دنیا میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔واضح رہے پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑے آٹھ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اٹلی میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد اب چین سے زیادہ ہے۔ اسپین میں جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعدادآٹھ ہزار سے زیادہ ہے وہیں فرانس میں یہ تعداد ساڑے 3ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ایران میں یہ تعداد 2898 ہو گئی ہے اور ہندوستان میں متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ کا رجحان جاری ہے۔

دوسری جانب امریکہ سے خبر آ رہی ہے کہ وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے اندازہ لگایا ہے کہ عالمگیر وبا سے امریکہ میں کم از کم ایک لاکھ اور اگر احتیاط نہ کی تو 22 لاکھ افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتے بہت تکلیف دہ، بہت بہت تکلیف دہ ہوں گے۔


امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ملک میں پہلی بار ایک دن میں ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زیادہ ہوئی ہے۔ صرف نیویارک میں 332 افراد جان سے گئے۔ مشی گن میں 75، نیوجرسی میں 69 اور لوزیانا میں 54 افراد ہلاک ہوئے۔ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 3800 سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔