اٹلی: کورونا پازیٹو مریضوں کا علاج کر رہے 51 ڈاکٹروں کی موت

اٹلی کے ڈاکٹرس ایسو سی ایشن نے جانکاری دی ہے کہ کورونا پازیٹو مریضوں کا علاج کر رہے کئی ڈاکٹرس خود اس وائرس کی زد میں آ گئے ہیں اور جمعہ کی شام تک 51 ڈاکٹروں کی موت بھی اس وائرس کی وجہ سے ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس نے اٹلی میں اپنا قہر سب سے زیادہ برپا کر رکھا ہے۔ مہلوکین کی تعداد اٹلی میں چین سے بہت زیادہ ہو چکی ہے اور متاثرین کی تعداد بھی یہاں اتنی زیادہ ہے کہ ڈاکٹروں کو علاج کرنے میں کافی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس درمیان ایک اندوہناک خبر یہ سامنے آئی ہے کہ کورونا پازیٹو مریضوں کا علاج کر رہے کئی ڈاکٹرس خود اس وائرس کی زد میں آ گئے ہیں اور جمعہ کی شام تک 51 ڈاکٹروں کی موت بھی اس وائرس کی وجہ سے ہو گئی ہے۔ اٹلی کے ڈاکٹرس ایسو سی ایشن نے جمعہ کی شام اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔

سی این این نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ نشر کی ہے جس کے مطابق اٹلی میں جن 51 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے، وہ ٹیسٹ میں کورونا پازیٹو تھے اور ان کا علاج بھی چل رہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اٹلی میں ڈاکٹروں کے ایسوسی ایشن کے سربراہ فلپو انیلی نے حال ہی میں اس خطرے کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں کے لیے مزید حفاظتی اشیاء کا مطالبہ حکومت سے کیا تھا۔ انیلی کا کہنا ہے کہ "سب سے پہلا کام ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر ورکر کی حفاظت ضروری ہے تاکہ وہ کورونا کی زد میں نہ آئیں۔" اب جب کہ 51 ڈاکٹروں کی موت کی خبر سامنے آئی ہے تو پھر دنیا میں اس کی وجہ سے دہشت پھیلنی لازمی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جمعہ تک اٹلی میں 9134 لوگوں کی موت اس وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے جو کہ دنیا میں کسی بھی ملک میں کورونا کی وجہ سے ہوئی موت سے زیادہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات سے جمعہ کے درمیان اٹلی میں 969 لوگوں کی موت ہوئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اٹلی کی حالت بہت خراب ہے اور وہاں صرف کورونا پازیٹو مریضوں کے سر پر ہی موت نہیں منڈلا رہی بلکہ ڈاکٹروں کی جان پر بھی خطرہ بنا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */