’چین میں کورونا وائرس امریکہ نے پھیلایا‘ بیجنگ کے الزام پر واشنگٹن کی تردید

چین نے امریکی فوج پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگایا ہے، جسے امریکہ نے بیجنگ کا خطرناک اور مضحکہ خیز سازشی نظریہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چین نے امریکی فوج پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگایا ہے، جسے امریکہ نے بیجنگ کا خطرناک اور مضحکہ خیز سازشی نظریہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ اس امر کا انکشاف وزارت اطلاعات کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے ایک ٹویٹ پیغام میں کیا۔ ٹویٹ میں امریکی فوج کو چین کے صوبہ ووہان میں کورونا وائرس لانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے امریکہ سے وضاحت طلب کی ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے امریکہ میں تعینات چینی سفیر کو کورونا وائرس سے متعلق الزام لگانے پر طلب کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سفیر برائے ایشیا ڈیوڈ سٹل ویل نے امریکہ میں تعینات چینی سفیر سووئی ٹی انکائے کو طلب کر کے چینی ترجمان کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے


امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں چینی حکومت کو عالمی وبا پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کا مقصد چینی حکومت پر تنقید سے توجہ ہٹانا ہے۔ بیان میں چین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ امریکہ اس قسم کے بیانات برداشت نہیں کرے گا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین ’سازشی نظریات‘ کی ترویج کا مرتکب ہو رہا ہے جو ’خطرناک‘ اور ’مضحکہ خیز‘ ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 47 ہو گئی ہے جبکہ 2،000 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 5،300 ہلاکتیں ہوگئی ہیں اور 140،000 متاثر ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر دنیا کے کئی ممالک نے اپنی سرحد آمد ورفت کے لیے بند کر دی ہیں۔ ان ممالک میں پاکستان سمیت، ترکی، یوکرین، چیک ریپبلک، ڈینمارک اور پولینڈ شامل ہیں جبکہ روس نے یورپی یونین کے ساتھ فضائی پروازیں محدود کر دی ہیں۔


درایں اثنا امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے بعد صدر ڈونلد ٹرمپ نے ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو 50 بلین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے سٹیفورڈ ایکٹ نافذ کیا ہے جس کے تحت ریاستی حکومتوں کو انسانی جانیں اور املاک محفوظ بنانے کے لیے وفاق مدد فراہم کرے گی۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Mar 2020, 7:11 PM
/* */