کشمیر: کورونا وارڈوں میں آکسیجن سیلنڈروں کی کوئی کمی نہیں، گیس پلانٹ عہدیدار

مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال کے گیس پلانٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ ہمیں آکسیجن سیلنڈروں کی قلت اس وقت در پیش آتی ہے جب مریضوں کے تیماردار چھ سات سیلنڈر غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھتے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: کووڈ 19 وارڈوں میں آکسیجن سیلنڈروں کی کی قلت ہونے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال کے گیس پلانٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ ہمیں آکسیجن سیلنڈروں کی قلت اس وقت در پیش آتی ہے جب مریضوں کے تیماردار چھ سات سیلنڈر غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھتے ہیں۔

موصوف عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ہمارے ہسپتال کے کووڈ 19 وارڈوں میں آکسیجن سیلنڈروں کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا: ’میں نے اچانک معائینہ کے دوران دیکھا کہ تیمار داروں نے غیر قانونی طور پر چھ سے آٹھ سیلنڈر مریضوں کے بیڈوں کے نیچے چھپا رکھے تھے‘۔


موصوف عہدیدار نے بتایا کہ یہ صحیح ہے کہ ہمیں کبھی مریضوں کو آکسیجن سیلنڈر فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہم کسی بھی صورت میں انتظام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایک کورونا متاثرہ کی یہاں موت واقع ہوئی بعد میں ہم نے دیکھا کہ اس کے بیڈ کے نیچے آٹھ سیلنڈر تھے۔

عہدیدار نے کہا کہ ایک مریض کے لئے دو سیلنڈر کافی ہیں بلکہ ہم نے کہیں کہیں خالی سیلنڈروں کو بھی پایا جنہیں متعلقہ حکام کو واپس نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چھ سات سیلنڈروں کو چھپا کے رکھنا نہ صرف غیر انسانی بلکہ ایک ناشائشتہ حرکت بھی ہے۔ انہوں نے کورونا متاثرین کے تیماداروں سے اپیل کی کہ وہ ہسپتال انتظامیہ کو بھر پور تعاون فراہم کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔