چنڈی گڑھ: کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی معلومات عام کرنے کا مطالبہ

اجے جگا نے کہا کہ جو وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں اور گھروں میں قرنطینہ میں رکھے گئے ہیں ان کی معلومات وسیع تر عوامی مفاد میں عام کی جانی چاہیے تاکہ ان سے معاشرتی فاصلہ بنائے رکھنے میں مدد مل سکے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: چنڈی گڑھ کے سماجی کارکن اور وکیل اجے جگا نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے قہر کو روکنے کے لئے بیرون ملک سے آنے والے جن افراد کو گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی جا رہی ہے اور جو وائرس سے متاثر ہیں، ان کی معلومات عام کی جائیں تاکہ پڑوسی اور دیگر لوگ احتیاط رکھ سکیں اور مشتبہ مریضوں سے دور رہ کر اپنی حفاظت کر سکیں۔

’روگی کلیان سمیتی‘ کے ممبر اجے جگا نے مرکزی وزیر برائے صحت ہرش وردھن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ موہالی ہوائی اڈہ پر بیرون ملک سے واپس آنے والے 314 افراد کو جانچ کے بعد گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن ان پر نگرانی نہیں رکھی جا رہی ہے، لہذا ان کے پڑوسی بھی ان سے بے خبر ہیں۔


اجے جگا نے مزید کہا کہ جو متاثر پائے گئے ہیں اور گھروں میں قرنطینہ میں رکھے گئے ہیں ان کی معلومات وسیع تر عوامی مفاد میں عام کی جانی چاہیے تاکہ ان سے معاشرتی فاصلہ بنائے رکھنے میں مدد مل سکے۔

اجے جگا کے مطابق اس سے حکومت کو بھی وائرس پر قابو پانے اور پھیلاؤ پر روک لگانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جو لوگ گھروں میں تنہا رہنے کی ہدایات کی خلاف ورزی کریں گے اس کا پتہ چل سکے گا اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکے گیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔