اتراکھنڈ کے چار ضلع اسپتالوں میں کورونا کا علاج کیا جائے گا

راوت نے کہا کہ ریاست کے جو 9 پہاڑی اضلا ع ہیں، جن میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض نہیں ہے، وہاں اب پہلے کی طرح اسپتال کھلے رہیں گے اور عام لوگوں کا علاج پہلے کی طرح ان اسپتالوں میں شروع کردیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دہرہ دون: اتراکھنڈ کے دہرہ دون، ہری دوار، ادھم سنگھ نگر اور نینی تال اضلاع کے چار اسپتالوں میں ہی اب عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ ریاست کے دیگر پہاڑی اضلاع میں اتوار سے عام بیماریوں کے علاج کی سہولت پھر سے شروع کی جائے گی۔

وزیراعلی ترویندر سنگھ راوت نے سنیچر کو کووڈ۔19 کے پیش نظر پہاڑی اضلاع میں صحت سے متعلق اور ریاست میں معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے کچھ فیصلوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے جو 9 پہاڑی اضلا ع ہیں، جن میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض نہیں ہے، وہاں اسپتال اب پہلے کی طرح کھلے رہیں گے اور عام لوگوں کا علاج پہلے کی طرح ان اسپتالوں میں شروع کردیا جائے گا۔


انہوں نے بتایا کہ کووڈ۔ 19 اسپتال کے طورپر میلہ اسپتال ہری دوار، دون اسپتال دہرہ دون، زیرتعمیر میڈیکل کالج ردرپور اور سشیلا تیواری اسپتال ہلدوانی ہی کام کریں گے۔ ان میں ہی اب کورونا کا علاج ہوگا باقی کے دیگر اسپتال پہلے کی طرح اپنا کام کریں گے۔

وزیراعلی ترویندر نے بتایا کہ کابینی وزیر سبودھ انیال کی صدارت میں ایک کابینی سب کمیٹی قائم کی جائے گی جو کورونا سے معیشت کو ہوئے نقصان کی تلافی، مقامی روزگار اور غریبوں کی اقتصادی حالت کو مضبوط کرنے کے لئے مشورے دے گی۔ اس سب کمیٹی میں وزیر مملکت ڈاکٹر دھن سنگھ راوت اور ریکھا آریہ رکن کے طورپر رہیں گے۔


وزیراعلی نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں کے تارکین وطن سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعت، سیاحت، زرعی، باغ، ڈیری اور ایم ایس ایم ای شعبوں کے لوگوں سے وہ راست طورپر بات چیت کریں گے اور ان کا مشورہ لیا جائے گا کہ کس طرح کورونا سے نپٹنے کے بعد معیشت کو مضبوط کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔