اداکارہ پائل روہتگی گرفتار، سوسائٹی میں جھگڑا کرنے اور چیئرمین کو دھمکی دینے کا الزام

اداکارہ پائل روہتگی کو احمد آباد پولیس نے گرفتار کیا ہے، ان پر سوشل میڈیا پر سوسائٹی کے چیئرمین کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام ہے

پائل روہتگی، تصویر آئی اے این ایس
پائل روہتگی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: اداکارہ پائل روہتگی کو جمعہ کے روز احمد آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ان پر سوشل میڈیا کے ذریعے سوسائٹی کے چیئرمین کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔ حالانکہ پائل نے بعد میں پوسٹ کو ڈلیٹ کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ، ان پر سوسائٹی کے لوگوں سے بار بار جھگڑا کرنے اور چیئرمین کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا بھی الزام ہے۔

پائل روہتگی کو احمد آباد سیٹلائٹ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 جون کو سوسائٹی کا سالانہ عام اجلاس منعقد ہوا تھا اور پائل روہتگی رکن نہ ہونے کے باوجود اجلاس میں پہنچ گئی تھیں۔ جب انہیں بولنے سے منع کیا گیا تو انہوں نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔ اس کے علاوہ سوسائٹی میں بچوں کے کھیل کے حوالہ سے بھی وہ کئی بار جھگڑا کر چکی ہیں۔


خیال رہے کہ پائل روہتگی اس سے پہلے بھی ایک بار گرفتار ہو چکی ہیں۔ انہیں راجستھان کی بوندی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پائل کو احمد آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کی درخواست ضمانت راجستھان کی عدالت سے منظور ہو گئی تھی۔

اداکارہ پائل روہتگی اکثر اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔ پائل کا نام ستی کے رواج کی حمایت کرنا، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کو گالی دینا، شیواجی کی ذات پوچھنا، آرٹیکل 370 کے بارے میں متنازعہ بیان دینا، فوڈ ایپ زومیٹو کو ’سیکولر آؤٹ لیٹ‘ قرار دینے جیسے متعدد تنازعات میں ملوث رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔