کرکٹر رشبھ پنت کی بڑی چھلانگ، ’15 كروڑ کلب‘ میں شامل

ہندوستانی کرکٹ آئکن سچن تندولکر اور سرکردہ کرکٹر وراٹ کوہلی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں اتنی بڑی چھلانگ نہیں لگائی ہوگی جتنی نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے لگا دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: 21 سال کے رشبھ پنت کو آئی پی ایل ٹیم دہلی ڈئیر ڈیولس نے آئی پی ایل-2019 کے 12 ویں سیزن کے لئے ٹیم میں رٹین کیا ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب دہلی نے رشبھ کو رٹین کیا ہے۔ 2018 میں جب دہلی نے رشبھ کو رٹین کیا تھا تو اس وقت ان کے گزشتہ سیزن کی قیمت آٹھ کروڑ روپے تھی۔ لیکن اس وقت وہ 15 كروڑي کلب میں شامل ہوئے ہیں۔

اس کلب میں صرف دو ہی کرکٹر ہیں جو اپنے لحاظ سے ملک کے آئکن کرکٹر ہیں۔ چنئی سپر کنگ کو تین بار چمپئن بنانے والے سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی اور ممبئی انڈینس کو تین بار چمپئن بنانے والے روہت شرما کو ان کی ٹیموں نے رٹین کیا ہے اور دونوں کو 15-15 کروڑ روپے ملنے ہیں۔ ان سے آگے صرف موجودہ ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی ہیں جنہیں رائل چیلنجرز بنگلور نے رٹین کیا ہے اور انہیں 17 کروڑ روپے ملنے ہیں۔

گزشتہ چار اکتوبر کو 21 سال کے ہوئے پنت نے کرکٹ کے بازار میں بلند و بالا چھلانگ لگائی ہے۔ پنت اس وقت تینوں فارمیٹ میں ہندستان کے لیے کھیلنے والے مہیا کرکٹروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے پانچ ٹیسٹ، تین ون ڈے اور سات ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ سال 2020 میں ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے رشبھ کو ہندوستانی ٹیم میں وکٹ کیپر کیلئے ابھی سے مضبوط دعویدار مانا جا رہا ہے۔

ہندستانی ٹیم کے آئندہ آسٹریلیا دورے میں ٹوئنٹی 20 سیریز کے لیے جو ہندستانی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے اس میں دھونی کو ہٹا کر وکٹ کیپر کی جگہ کے لئے پنت اور دنیش کارتک کو رکھا گیا ہے۔ پنت 58 ٹوئنٹی 20 میچوں میں 163.95 کے اسٹرائک ریٹ سے 1856 رنز بنا چکے ہیں جن میں دو سنچری اور 13 نصف سنچری شامل ہیں۔ انہوں نے اتنے میچوں میں 100 چھکے بھی جڑ دیے ہیں۔

حال میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پنت نے غضب کی بلے بازی کی تھی اور ٹیسٹ سیریز میں دو بار 92 کے اسکور بنانے کے علاوہ چنئی کے ٹوئنٹی 20 میچ میں 58 رنز بھی بنائے تھے۔ اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کے ابتدائی دور میں 308 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پنت نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ہے اور آئی پی ایل کی تازہ قیمت اس بات کی مثال ہے کہ دہلی نے اس نوجوان کرکٹر کو کس طرح ہاتھوں ہاتھ لیا ہے۔

پنت کے مقابلے 2019 کے رٹین کھلاڑیوں کو دیکھا جائے تو چنئی نے سریش رینا 11 کروڑ، پنجاب نے لوکیش راہل 11 کروڑ، کولکتہ نے سنیل نارائن 12.50 کروڑ، راجستھان نے اسٹیون اسمتھ اور بین اسٹوکس دونوں 12.50 کروڑ، ممبئی نے ہردک پانڈیا 11 کروڑ، بنگلور نے اے بی ڈی ویلیئرز 11 کروڑ اور حیدرآباد نے ڈیوڈ وارنر 12.50 کروڑ اور منیش پانڈے 11 کروڑ کو رٹین کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Nov 2018, 9:09 PM
/* */