پلوامہ حملہ: ورلڈ کپ سے پاکستان کو کیا جائے گا باہر! بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو لکھا خط

ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر کہا ہے کہ عالمی کپ سے پاکستان کو باہر کا راستہ دکھایا جائے کیونکہ یہ ملک لگاتار دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر کے پلوامہ میں نیم فوجی دستہ پر دہشت گردانہ حملہ کے بعد عالمی کپ کرکٹ میں نہ صرف ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ پر شبہات کے بادل منڈلا رہے ہیں بلکہ پاکستان کو اس سیریز سے ہی باہر نکالنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ بی سی سی آئی یعنی بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا نے اس تعلق سے سخت رخ اختیار کیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر پاکستان کو عالمی کرکٹ سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خبروں کے مطابق اس سال انگلینڈ اور ویلس میں ہونے جا رہے عالمی کپ سے پاکستانی ٹیم کو باہر کیا جا سکتا ہے کیونکہ بی سی سی آئی نے پلوامہ حملہ کے پیش نظر اپنی ناراضگی آئی سی سی کے سامنے ظاہر کر دی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو افسر راہل جوہری نے ای میل بھیج کر آئی سی سی سے گزارش کی ہے کہ پاکستان کو عالمی کپ سے باہر کیا جائے کیونکہ یہ پڑوسی ملک لگاتار اپنی زمین پر دہشت گردوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دے رہا ہے۔ یہ ملک ہندوستان میں لگاتار دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ بورڈ نے آئی سی سی کو صاف طور پر کہا ہے کہ ہندوستانی عوام میں پاکستان کے خلاف نہ کھیلنے کا جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور ہندوستان دہشت گردی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی کپ میں ہندوستان کو 16 جون کو مانچسٹر میں پاکستان سے میچ کھیلنا ہے۔ اس درمیان بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا کہ اگر حکومت عالمی کپ میں ہندوستان-پاکستان میچ کے خلاف ہوگی تو ان کی بات مانی جائے گی۔ حالانکہ افسر نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ اگر ہندوستان یہ میچ نہیں کھیلتا تو پاکستان کو پورے پوائنٹ مل جائیں گے۔ یہاں دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ایک طرف ہند-پاک میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف 25 ہزار ناظرین کی صلاحیت والے اولڈ ٹریفرڈ میدان میں اس میچ کو دیکھنے کے لیے 4 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے درخواست دے رکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔