آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دورے کے لئے محمد سراج کا انتخاب، بمراه کو آرام

ہندوستانی کرکٹ انتظامیہ نے فاسٹ بولر جسپريت بمراه کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ پانچ ون ڈے اور تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز میں آرام دیا ہے۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر / @BCCI
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے منگل کو آئندہ سیریز کے لئے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں بمراه کو محدود اوور فارمیٹ کے لئے آرام دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ محمد سراج کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سدھارتھ کول کو اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے لئے قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

بی سی سی آئی نے بیان میں کہا کہ بمراه کو زیادہ گیند بازی کے پیش نظر آرام دیا گیا ہے کیونکہ ہندستان کو فروری مارچ میں آسٹریلیا سے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سریز کھیلنی ہے۔ بمراه نے پیر کو ختم ہوئی تاریخی ٹسٹ سیریز جیت میں 157.1 اوور گیند بازی کی تھی جو کسی دوسرے فاسٹ بولر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ اتنا ہی نہیں سال 2018 میں بھی بمراه تینوں فارمیٹس میں 511.3 اوور کے ساتھ سب سے زیادہ بولنگ کرنے کے معاملے میں دنیا کے دوسرے بولر رہے۔ آسٹریلیا کے ٹاپ آف اسپنر ناتھن لیون 636.3 اوور کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ہندستانی سلیکٹرز نے سراج کو بمراه کی جگہ موقع دیا ہے جنہوں نے اب تک ون ڈے میں ڈیبو نہیں کیا۔ انہوں نے آخری بار مارچ 2018 میں ندهاس ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 کھیلا تھا۔

سراج موجودہ وقت میں سرخ گیند کرکٹ سے اچھی فارم میں چل رہے ہیں اور جولائی سے ہی ہندستان اے کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے 8 میچوں میں 18.04 کی اوسط سے 47 وکٹ نکالے ہیں جن میں تین بار اننگز میں پانچ وکٹ شامل ہیں۔ ٹاؤنٹن میں سراج نے ویسٹ انڈیز اے کے خلاف 132 رنز پر آٹھ وکٹ اور ورسسٹر میں انگلینڈ لائنز کے خلاف 134 رن پر سات وکٹ کی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اگست میں بنگلور میں جنوبی افریقہ اے کے خلاف دو میچوں میں سراج نے 14 وکٹ اپنے نام کئے تھے جبکہ ستمبر میں آسٹریلیا اے کے خلاف 136 رنز پر 11 وکٹ لئے تھے۔ حال ہی میں وہ نیوزی لینڈ میں ہندستان اے کا حصہ تھے جہاں انہوں نے سات وکٹ لئے جبکہ آخری رنجی ٹرافی میں حیدرآباد کی ٹیم کی جانب سے پنجاب کے خلاف سات وکٹ لئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کئے گئے سدھارتھ نے ہندوستانی ٹیم کے لئے اب تک تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے ہیں جبکہ ستمبر میں یو اے ای میں ہوئے ایشیا کپ میں وہ افغانستان کے خلاف صرف ایک میچ کھیل سکے تھے۔ کول نیوزی لینڈ میں ہندستان اے ٹیم کا بھی حصہ تھے اور 50 اوور کی شکل میں تین میچوں میں وہ سات وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے تھے۔ رنجی ٹرافی میں وہ اب تک پنجاب کے لیے پانچ میچوں میں 22 وکٹ کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے ہیں۔

ہندستان 12 جنوری سے سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گا جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہو جائے گا جہاں 23 جنوری سے ون ڈے سریز شروع ہونی ہے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم فروری میں کیوی ٹیم کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

آسٹریلیا-نیوزی لینڈ کے خلاف ہندستان کی ون ڈے ٹیم:

وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، لوکیش راہل، شکھر دھون، امباٹی رائیڈو، دنیش کارتک، کیدار جادھو، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، ہردک پانڈیا، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، رویندر جڈیجہ، بھونیشور کمار، محمد سراج، خلیل احمد، محمد سمیع۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 ٹیم:

وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، لوکیش راہل، شکھر دھون، رشبھ پنت، دنیش کارتک، کیدار جادھو، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، ہردک پانڈیا، کرنال پانڈیا، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، بھونیشور کمار، محمد سراج،خلیل احمد، سدھارتھ کول۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔