کرکٹ: آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی

کپتان اینڈی بال برنی اور افتتاحی بلے باز پال اسٹارلنگ کی شاندار سنچریوں کی بدولت آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری یک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے ہراکر زبردست کامیابی حاصل کی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ساوتھمپٹن: کپتان اینڈی بال برنی (113) اور افتتاحی بلے باز پال اسٹارلنگ (142) کی شاندار سنچریوں کی بدولت آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری یک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے ہراکر زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔

حالانکہ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1۔2 سے جیت لی ہے۔ سیریز کے آخری ون ڈے میں 329 رنوں کے وسیع ہدف کا تعاقب کرنے میدان میں اترے آئرلینڈ کے بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کے گیندبازوں کو کوئی موقع نہ دیتے ہوئے 49.5 اووروں میں تین وکٹیں گنوا کر فتح حاصل کرلی۔ میچ آخری اوور تک بہت ہی دلچسپ رہا۔

سلامی بلے باز اسٹارلنگ نے طوفانی 142 رنوں میں نو چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ کپتان بال برنی نے بھی بخوبی ساتھ نبھاتے ہوئے 113 رنوں میں 12 بہترین چوکے لگائے۔ آئرلینڈ کے 50 رن کے اسکور پر ڈیلنی (12) کی شکل میں پہلا جھٹکا لگا ۔ لیکن اس کے بعد دونوں بلے بازوں نے انگلینڈ کے گیندبازوں کو کوئی موقع نہیں دیا اور محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا۔ ایک جانب اسٹارلنگ نے تیز رن بنائے تو دوسری جانب کپتان بال برنی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے وکٹ کے لئے بال برنی اور اسٹارلنگ کے درمیان 214 رنوں کی شراکت داری رہی۔ اس کے بعد ہیری ٹیکٹر اور کیون اوبرائن نے میچ کے آخری اووروں میں بالترتیب 29 اور 21 رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔


انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی اور عادل راشد نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ویلی نے ڈیلنی کو بولڈ آؤٹ کیا جبکہ راشد نے بال برنی کو کیچ آؤٹ۔ وہیں کررین نے اسٹارلنگ کو رن آؤٹ کیا۔ قبل ازیں کپتان ایون مورگن (106) کی شاندار سنچری، ٹام بینٹن (58) اور ڈیوڈ ویلی (51) کی نصف سنچریوں کی مدد سے انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49.5 اوور میں 328 رنوں کا مجموعی اسکور بنایا اور آئرلینڈ کو جیت کے لئے 329 رنوں کا مشکل ہدف دیا تھا۔

آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے محض 44 رنوں پر انگلینڈ کے تین وکٹ گرا دیئے لیکن اس کے بعد مورگن نے کپتان کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے باری کھیلی۔ مورگن نے صرف 84 گیندوں میں 15 چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 106 رن بنائے۔ مورگن کی 239 ویں یک روزہ میچ میں یہ 14 ویں سنچری تھی۔


مورگن نے بینٹن کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لئے 146 رنوں کی مضبوط اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو ایک مضبوط پوزیشن پر پہنچادیا۔ مورگن چوتھے بلے باز کے طور پر 190 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ بینٹن پانچویں بلے باز کی حیثیت سے 202 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ بینٹن نے 51 گیندوں میں 58 رن بناتے ہوئے چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

ویلی نے ٹام کیرن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 73 رن بنائے۔ ویلی نے 42 گیندوں میں 51 رن کے اسکور میں تین چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کیرن 54 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 38 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 53 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش لٹل نے 62 رن دے کر دو وکٹیں اور کرٹیس کیمفر نے 68 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔