نیوزی لینڈ پر دلچسپ جیت سے ہندوستانی خاتون ٹیم سیمی فائنل میں

ہندوستانی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ہندوستان دو سال پہلے بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس وقت اس کی مہم سیمی فائنل میں ہی تھم گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

میلبورن: نوجوان اوپنر شیفالی ورما (46) کی ایک اور طوفانی اننگز اور شکھا پانڈے (ناٹ آؤٹ 10 اور 21 رن پر ایک وکٹ) کے بہترین آل راؤنڈ کھیل سے ہندوستان نے خواتین ٹی -20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جیت کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے جمعرات کو نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے میں تین رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستانی ٹیم اس طرح ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ہندوستان دو سال پہلے بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس وقت اس کی مہم سیمی فائنل میں ہی تھم گئی تھی۔

نیوزی لینڈ پر دلچسپ جیت سے ہندوستانی خاتون ٹیم سیمی فائنل میں

16 سال کی نوجوان اوپنر شیفالی ورما نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 34 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان نے 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 133 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کا پر زور پیچھا کیا لیکن ٹیم چھ وکٹ پر 130 رن ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے 16 رن بنانے تھے لیکن شکھا پانڈے نے مخالف ٹیم کو 12 رنز ہی بنانے دیئے۔ ہندوستان نے اس طرح جیت کی ہیٹ ٹرک لگاتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان نے اس سے پہلے گزشتہ چمپئن آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی وریندر سہواگ کہی جانے والی شیفالی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ان کا مسلسل دوسرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ ہے۔ شیفالی بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ میچ میں بھی پلیئر آف دی میچ بنی تھیں۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے ایک وقت اپنے تین وکٹ 34 رن پر اور پانچ وکٹ 90 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن ایمیلیا کیر نے 19 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 34 رنز بنا کر ہندوستان کے لیے مشکلیں پیدا کر دیں۔ شکھا نے آخری اوور میں مخالف ٹیم پر لگام کسی اور اسے ہدف سے پہلے ہی روک لیا۔ ایمیلیا نے 19 ویں اوور میں لیگ اسپنر پونم یادو کی گیندوں پر چار چوکے لگائے اور میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ آخری اوور میں ہیلی جینسن نے شکھا کی پہلی گیند پر چوکا مارا لیکن اگلی گیند پر شکھا ریٹرن کیچ نہیں لپک سکیں۔ تیسری گیند درست تھی اور ایمیلیا ایک رن ہی نکال سکیں انہوں نے پانچویں گیند پر چوکا مارا لیکن آخری گیند پر جینسن رن آؤٹ ہو گئیں اور ہندوستان نے تین رنز سے میچ جیت لیا۔ ایمیلیا 34 رن پر ناٹ آؤٹ رہ گئیں۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں ریچیل پريسٹ نے 12، کپتان سوفی ڈیوائن نے 14، میڈی گرین نے 24 اور کیٹی مارٹن نے 25 رن بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے دپتی شرما نے 27 رن پر ایک وکٹ، شکھا پانڈے نے 21 رن پر ایک وکٹ، راجیشوری گايكواڈ نے 22 رن پر ایک وکٹ، پونم یادو نے 32 رن پر ایک وکٹ اور رادھا یادو نے 25 رن پر ایک وکٹ لیا۔


اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم ٹاس گنوانے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری۔ 16 سالہ شیفالی نے اپنا دھماکہ خیز اسٹائل جاری رکھا جس کی بدولت ہندوستان نے پاور پلے کے چھ اوورز میں 49 رن بنا ڈالے۔ بخار کی وجہ سے گزشتہ میچ میں نہیں کھیل پانے والی تجربہ کار اسمرتی مندھانا آٹھ گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنا کر ٹیم کے 17 رن کے اسکور پر آؤٹ ہو گئیں۔ لی تاهو نے تیسرے اوور میں مندھانا کو بولڈ کر دیا۔ شیفالی نے اس کے بعد وکٹ کیپر تانیہ بھاٹیہ (23) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 51 رن کی اہم شراکت کی۔ تانیہ 25 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر 10 ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔ روزمیری مئیر کی گیند پر بیک ورڈ پوائنٹ پر ایمیلیا کیر نے ان کا کیچ لیا۔ جمیمہ روڈرگس 10 رنز بنا کر 12 ویں اوور کی پہلی گیند پر مئیر کی اگلا شکار بنیں۔ ہندوستان نے دس اوور میں دو وکٹ پر 75 رن بنائے تھے۔ لیکن اس کے بعد ہندوستان نے جلدی جلدی وکٹ گنوائے۔ جمیمہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان هرمنپريت کور (ایک) بھی جلدی پویلین لوٹ گئیں۔ انہیں لیگ كاسپیریك نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔

آٹھویں اور دسویں اوور میں جيون دان پانے والی شیفالی نے ایمیلیا کیر کی گیند پر ڈیپ ایکسٹرا کور پر ہیلی جینسن کو کیچ تھما دیا۔ شیفالی نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ شیفالی کا وکٹ 95 کے اسکور پر گرا۔ بائیں ہاتھ کی بلے باز دپتی شرما (8) اور ویدا کرشنا مورتی (6) سستے میں آؤٹ ہوئیں لیکن رادھا یادو نے آخری لمحات میں نو گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رن اور شکھا پانڈے نے 14 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ہندوستان کو مشکل اسکور تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مئیر نے 27 رن پر دو وکٹ اور ایمیلیا نے 21 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ تاهو، ڈیوائن اور كاسپیریك نے ایک ایک وکٹ لیا۔ہندوستان کی مسلسل تیسری جیت سے چھ پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کو دو میچوں میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کا گروپ اے میں آخری مقابلہ ہفتہ کو سری لنکا سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔