ہندوستان 3-1 سے سیریز جیت کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا

ہندوستان نے انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن ہی اننگ اور 25 رن سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 3-1 سے جیت لی اور اس کے ساتھ ہی اس نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @BCCI
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

احمد آباد: آف اسپنر روی چندرن اشون (5/47) اور بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل (5/48) کی ایک اورعمدہ کارکردگی سے ہندوستان نے انگلینڈ کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن ہی ہفتہ کو اننگ اور 25 رن سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 3-1 سے جیت لی اور اس کے ساتھ ہی اس نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ کے تاریخی لارڈس میدان میں 18 جون سے 22 جون تک نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوں گا۔

ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 365 رنز بنا کر 160 رن کی اہم برتری حاصل کی اور انگلینڈ کودوسری اننگز میں 54.5 اوورز میں 135 رنز پر نمٹادیا۔ ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے جب اس نے پہلا ٹیسٹ گنوانے کے بعد واپسی کرتے ہوئے جیت حاصل کی ہے۔ اشون نے 47 رن پر پانچ اور پٹیل نے 48 رن پر پانچ وکٹ لئے۔ ہندوستان کی پہلی اننگ میں شاندار 101 رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔


ہندوستان چنئی میں پہلا ٹیسٹ ہار گیا، لیکن پھر واپسی کرتے ہوئے چنئی میں دوسرا ٹیسٹ 327 رنز کے بڑے فرق سے جیت لیا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے تیسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں ہندوستان نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور احمد آباد میں چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز سے روند دیا۔ انگلینڈ کے بلے بازوں کے پاس دونوں ہندوستانی اسپنرز کا کوئی توڑ نہیں تھا، حالانکہ اس مقابلے کی پچ میں زیادہ ٹرن نہیں تھا، لیکن ذہنی دباو میں گھرے انگلینڈ کے بلے بازوں نے اشون اور پٹیل کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے۔ اشون نے 22.5 اوور میں 47 رن دے کر پانچ اور پٹیل نے 24 اوورز میں 48 رن پر پانچ وکٹ لئے۔ اشون نے پہلی اننگ میں تین اور پٹیل نے چار وکٹ حاصل کئے تھے۔

اشون نے ڈینئل لارنس کو بولڈ کرکےانگلینڈ کی اننگ سمیٹی اور اپنا پانچواں وکٹ لیا۔ اشون کے کیریئر میں یہ 30واں موقع تھا جب انہوں نے ایک اننگ میں پانچ وکٹ حاصل کیا۔ اشون کو سیریز میں گیند اور بلے سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔