روہت کی ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری، رہانے کی بھی سنچری

روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری اور اجنکیا رہانے کی زبردست سنچری کی بدولت ہندوستان نے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پانچ وکٹ پر 386 رن کا مضبوط اسکور بنالیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: بہترین اوپنر روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری اور اجنکیا رہانے کی زبردست سنچری کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن اتوار کے روز پہلی اننگز میں ڈرنکس تک پانچ وکٹ پر 386 رن کا مضبوط اسکور بنالیا۔

ہندوستان نے سنیچر کے روز رانچی کے جےایس سی اے بین الاقوامی اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ میں خراب شروعات کرتے ہوئے ایک وقت اپنے تین وکٹ 39 رن پر ہی گنوا دیے تھے۔ لیکن پھر روہت اور رہانے نے میدان پر ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا کہ مہمان ٹیم کے گیند باز ان کے سامنے پانی بھرتے نظر آئے۔ روہت نے میچ کے دوسرے دن اپنی سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل ہوئے 212 رن کی اننگز کھیلی جو اُنکی ٹیسٹ کیریئر میں پہلی ڈبل سنچری بھی ہے۔ انہوں نے 255 گیندوں میں 28 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ 30 واں ٹیسٹ کھیل رہے روہت کی یہ بہترین کارکردگی بھی ہے۔ ان کی سابقہ بہترین ٹیسٹ اننگز 177 رن تھی۔

32 سالہ روہت نے ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے عظیم اوپنر سنیل گواسکر کو بھی ایک سیریز میں تین سے زیادہ سنچری بنانے کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے یہ اس سیریز کی دوسری دوہری سنچری ہے۔ اس سے پہلے کپتان وراٹ کوہلی نے پنے ٹیسٹ میں ناٹ آؤٹ 254 رن کی ڈبل سنچری بنائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */