دھونی کے ریٹائرمنٹ پر چیف سلیکٹر نے دیا بڑا بیان

ہندوستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پوری طرح نجی ہوتا ہے اور مہندر سنگھ دھونی جیسے لیجینڈ جانتے ہیں کہ انھیں ریٹائرمنٹ کب لینا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ویسٹ انڈیز دورہ کے لیے وکٹ کیپر بلے باز رِشبھ پنت کو سلیکشن کمیٹی نے تینوں فارمیٹس کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ویسٹ انڈیز دورے کے لیے وکٹ کیپر بلے باز رِشبھ پنت کو شامل کرنے پر کہا کہ چونکہ تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے اگلے دو مہینے تک کرکٹ سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے رشبھ کو موقع دیا گیا۔ بتا دیں کہ دھونی کے اس دورے پر نہ جانے کے فیصلے کے بعد لوگوں نے ان کے ریٹائرمنٹ کے قیاس لگانے شروع کر دئیے تھے۔

اس تعلق سے خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنت کو ٹی-20 عالمی کپ کو دھیان میں رکھ کر ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ حالانکہ ٹیم مینجمنٹ یہ بھی نہیں چاہتی ہے کہ دھونی اس دوران ریٹائرمنٹ لے لیں۔ ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ دھونی اگر ریٹائرمنٹ لے لیتے ہیں اور پنت زخمی ہو جاتے ہیں تو پھر عالمی کپ کے لحاظ سے ایک خالی پن آ جائے گا، جسے بھر پانا مشکل ہو جائے گا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’دھونی اپنے کردار اور ماحول کو جانتے ہیں۔ سبھی ان کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں بات کرتے ہیں اور جب وہ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کریں گے تو یہ سمجھ میں نہیں آئے گا کہ وہ ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ وہ کبھی بھی کسی تنازعہ پر اپنا رد عمل نہیں دیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سبھی ان کے اخلاقیات کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں۔‘‘ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے میں جبکہ ٹیم مینجمنٹ ٹی-20 عالمی کپ کو دھیان میں رکھ کر پنت کو بہتر بنا رہے ہیں تو وہ چاہتے ہیں کہ دھونی ایک مینٹر کی شکل میں رہیں اور جب بھی ٹیم کو ان کی ضرورت پڑے تو وہ موجود رہیں۔

خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’آپ دیکھیں اور بتائیں کہ اگر پنت زخمی ہوتے ہیں تو کون ہے جو ان کا متبادل ہوگا۔ سچ کہوں تو دوسری طرف ہمارے پاس جتنے بھی نام ہیں، ان میں سے کوئی بھی دھونی کا مقابلہ کرنے کے لائق نہیں ہے۔ ہاں، اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ہے کہ پنت ٹیم کا مستقبل ہیں اور انھیں سبھی فارمیٹ میں آزمایا جائے۔ لیکن دھونی کی رہنمائی اور موجودگی بھی بہت ضروری ہے۔‘‘


واضح رہے کہ چیف سلیکٹر پرساد نے کہا تھا کہ ٹیم پنت کو سبھی فارمیٹ کے لیے دیکھ رہی ہے اور یہ دھونی کو فیصلہ لینا ہے کہ وہ کب ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ریٹائرمنٹ کا فیصلہ پوری طرح سے نجی ہے۔ دھونی جیسے مایہ ناز کرکٹر اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ انھیں کب ریٹائرمنٹ لینا ہے۔ لیکن جہاں تک مستقبل کی بات ہے تو وہ سلیکٹرس کے ہاتھ میں ہیں۔ وہ (دھونی) اس سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔‘‘

پرساد نے مزید کہا کہ ’’ہم نے عالمی کپ تک ایک روڈ میپ تیار کیاتھا اور ہمارا آگے کا منصوبہ بھی تیار ہے۔ ہم فی الحال، پنت جیسے کھلاڑیوں کے ہنر کو نکھارنا چاہتے ہیں۔ پنت نے کچھ بھی غلط نہیں کیا جس کے سبب ہم انھیں ٹیم میں شامل نہ کریں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔