کرکٹ: پہلے وَنڈے میں آسٹریلیا کے 374 رنوں کے سامنے دَب گئی ہندوستانی ٹیم، 66 رنوں سے شکست

آسٹریلیائی ٹیم کے بلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازوں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے 50 اوور میں 6 وکٹوں پر 374 رنز کا مضبوط اسکور بنایا۔ بڑے ہدف کے دباؤ میں ٹیم انڈیا 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 308 رن ہی بنا سکی

تصویر بذریعہ یو این آئی
تصویر بذریعہ یو این آئی
user

یو این آئی

سڈنی: کپتان آرون فنچ (114) اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ (105) کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کو پہلے ون ڈے میں 66 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل کرلی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا کو آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں 10 پوائنٹس ملے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے بلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازوں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 374 رنز کا مضبوط اسکور بنایا۔ بڑے ہدف کے دباؤ میں ٹیم انڈیا 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 308 رن ہی بناسکی۔

آسٹریلیا کی طرف سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے 54 رن پر چار وکٹ لئے ۔ سیریز کا دوسرا میچ اتوار کے روز اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ اگرچہ ہندوستان نے شروع کے دو اوور میں 32 رن جوڑ کر شاندار شروعات کی لیکن اس کے بعد ہندوستان نے لگاتار وکٹیں گنوا دیں۔ مینک اگروال کو جوش ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ 53 کے اسکور پر گرا۔ مینک نے 18 گیندوں پر 22 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔


کپتان وراٹ کوہلی 21 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کے 78 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کو ہیزل ووڈ نے اپنے کپتان فنچ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ شریس ایر دو رنز بنا کر ہیزل ووڈ کا تیسرا شکار بنے ۔ ہندوستان کا تیسری وکٹ 80 کے اسکور پر گرا۔ لوکیش راہل 15 گیندوں میں 12 رنز بناکر ٹیم کے 101 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ شکھر اور پانڈیا نے پانچویں وکٹ کے لئے 128 رن کی بہترین شراکت قائم کی اور اس شراکت نے ہندوستان کی شکست کے فرق کو کیا۔ سلامی بلے باز شکھر دھون نے 74 اور ہاردک پاڈیا نے 90 رن بنائے۔ جمپا نے شکھر کو آؤٹ کرکے شراکت توڑ دا۔ ہندوستان کا پانچواں وکٹ 229 کے اسکور پر گرا۔ شکھر نے 86 گیندوں پر 76 رنز میں 10 چوکے لگائے۔

پانڈیا نے اپنی آئی پی ایل کی شاندار فارم ون ڈے میں بھی جاری رکھتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا بہترین اسکور بنایا لیکن وہ اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے دس رن دور رہ گئے۔پانڈیا نے 76 گیندوں میں سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 90 رنز بناکر چھٹے بلے باز کے طور پر 247 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پانڈیا کو زمپا نے مشل اسٹارک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔


پانڈیا کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کی ہدف کے قریب پہنچنے کی آخری امید بھی ٹوٹ گئی۔ رویندر جڈیجہ نے 25، نویدیپ سینی نے ناٹ آوٹ 29 اور محمد شامی 13 رنز بنا کر ہندوستان کو 300 سےپار پہنچایا۔ آسٹریلیا کی طرف سے جمپا نے 54 رنز پر چار ، ہیزل ووڈ نے 55 رن پر تین اور مشل اسٹارک نے 65 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مضبوط شروع کی ۔ فنچ اور اسمتھ کی سنچری کے علاوہ سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر (69) نے نصف سنچری بنائی۔ فنچ نے 124 گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 114 رن، اسمتھ نے 66 گیندوں میں 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 105 رن کی سنچری اننگز اور وارنر نے 76 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 69 رن بنائے۔


دونوں سلامی بلے بازوں وارنر اور فنچ نے پہلے وکٹ کے لئے 156 رنز کی بڑی شراکت قائم کی۔ ان دونوں بلے بازوں کے سامنے ہندوستانی گیندباز بے بس نظر آئے۔ تاہم ، یہ شراکت محمد شامی نے لوکیش راہل کے ہاتھوں وارنر کو وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ کراکر توڑی۔

پہلا وکٹ گرنے کے بعد اسمتھ نے فنچ کے ساتھ مورچہ سنبھالا ۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لئے 108 رنز کی شراکت کی۔ اس شراکت کو بڑھنے سے پہلے ہی جسپریت بمراہ نے فنچ کو آوٹ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد مارکس اسٹونس پچ پر اترے لیکن پہلی ہی گیند پر یوزویندر چہل نے کھاتہ کھولے بغیر ہی انہیں پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد اسمتھ نے گلن میکسویل کے ساتھ جارحانہ اننگز کھیلی۔


میکسویل نے 19 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رن بنائے۔ شمی نے میکسویل کاوکٹ حاصل کیا۔ میکسویل کے آؤٹ ہونے کے باوجود ، اسمتھ نے اپنی ون ڈے کیریئر کی نویں سنچری مکمل کی ۔ تاہم شامی نے 50 اوور کی تیسری گیند پر اسمتھ کو آوٹ کرکے انکی اننگز ختم کی۔ آسٹریلیا کی اننگز میں مارنس لیبوشین نے دو رن بنائے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز ایلیکس کیری نے 13 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 17 رن اور پیٹ کمنس نے ناٹ آوٹ ایک رن بنایا۔

ہندوستان کی طرف سے اسپنر یوزویندر چہل سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور 10 اوورز میں 89 رنز لٹانے کے بعد ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ جسپریت بمراہ نے 10 اوورز میں 73 رن پر ایک وکٹ ، نودیپ سینی نے 10 اوورز میں 83 رن دے کر ایک وکٹ حاصل اور محمد شامی نے 10 اوورز میں 59 رن پر سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ رویندر جڈیجا 10 اوورز میں 63 رنز دے کر کوئی وکٹ اپنے نام نہیں کرسکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔