کرکٹ: ہندوستان نے کیا نیوزی لینڈ دورہ کا فاتحانہ آغاز

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی -20 میچ میں جمعہ کو آسانی سے چھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

آکلینڈ: مڈل آرڈر کے بلے باز شريس ائیر (ناٹ آؤٹ 58) اور اوپنر لوکیش راہل (56) کی شاندار نصف سنچریوں سے ہندستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی -20 میچ میں جمعہ کو آسانی سے چھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندستان نے اس طرح ریکارڈ چوتھی بار 200 سے اوپر کا ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر لیا۔

نیوزی لینڈ نے اوپنر کولن منرو (59)، کپتان کین ولیمسن (51) اور راس ٹیلر (ناٹ آؤٹ 54) کے نصف سنچریوں سے پانچ وکٹ پر 203 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن ہندستان نے 19 اوور میں چار وکٹ پر 204 رن بنا کر میچ ختم کر دیا اور چھ گیند باقی رہتے جیت حاصل کر لی۔

ایئر نے 29 گیندوں پر ناٹ آوٹ 58 رن کی میچ فاتح اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے اور انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ راہل نے 27 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے 45 رن بنائے۔ راہل نے ہندستان کی جیت کی بنیاد رکھی اور ایئر نے ہندستان کو جیت کی منزل پر پہنچایا۔

ہندستان کی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یہ تیسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس مقابلے میں کل پانچ نصف سنچری بنیں اور کسی ٹی -20 میچ میں پانچ نصف سنچری بننے کا یہ پہلا موقع ہے۔ایئر نے ٹم ساؤدی پر چھکا مار کر میچ ختم کیا۔ ایئر نے ساؤدی کے اننگز کے 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا اور دوسری گیند پر چوکا مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس اوور میں کل 18 رنز پڑے اور ہندوستان نے آسان جیت حاصل کر لی جبکہ ہدف بڑا تھا۔


ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے نائب کپتان روہت شرما کو دوسرے اوور میں ہی گنوا دیا۔ روہت نے ایک چھکا لگایا لیکن مشیل سیٹنر نے انہیں راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ روہت چھ گیندوں میں سات رن بنا سکے۔ اس کے بعد شاندار فارم میں چل رہے اوپنر لوکیش راہل نے اپنے کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 99 رن کی ساجھےداری کی۔

راہل اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد لیگ اسپنر ایش سوڈھی کا شکار بنے۔ راہل نے 27 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ راہل کا وکٹ 115 کے اسکور پر گرا۔ اس کے چھ رن بعد کپتان وراٹ بھی آؤٹ ہو گئے۔ وراٹ کا وکٹ فاسٹ بولر بلیئر ٹكنر نے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔